سرینگر (جیوڈیسک) کشمیر کو تقسیم کرنے والی متنازع لائن آف کنٹرول پر منگل کو پاکستانی اور انڈین افواج کے درمیان ایک مرتبہ پھر فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے باعث تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔
بھارتی فوج نے ایک بار پھر ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فورسز نے سمانی سیکٹر اور بنڈالہ پر گولے برسائے اور بلااشتعال فائرنگ کی ۔ بھارتی فوج نے صبح چار بجے مارٹر گولے برسائے اور فائرنگ کی ۔ بھارتی جارحیت کے بعد پاک فوج نے راولاکوٹ، نیلم، ہٹیاں، حویلی اور بھمبر میں ایل او سی سے ملحقہ علاقوں کی فضائی نگرانی شروع کر دی ۔ بھارتی فوج کی جانب سے چار روز کے دوران ساتویں مرتبہ لائن آف کنٹرول کی خلاف کی گئی ۔ لیکن دشمن نے جب بھی جارحیت کی کوشش کی تو اسے منہ کی کھانی پڑی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے باعث تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔ کشیدہ حالات کی وجہ سے ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب سرحد کے قریب واقع آبادیوں سے لوگوں کے انخلا کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔
واضح رہے کہ 29 ستمبر کو بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے کنٹرول لائن کے اطراف پاکستانی علاقے میں دہشت گردوں کے لانچ پیڈز پرسرجیکل اسٹرائیکس کی جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی تھی۔