لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ واہگہ بارڈر پر ہونے والے دھماکہ میں بھارت ملوث ہے ۔ کنٹرول لائن پر جارحیت کے بعد اب پاکستان میں تخریب کاری و دہشت گردی کی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔وطن عزیز پاکستان پر پراکسی وار مسلط ہے ۔ ملک کو منظم سازشوں کے تحت میدان جنگ بنایا جارہا ہے۔ حکومت پاکستان مصلحت پسندی ترک کر کے بھارتی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔
انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کے برسراقتدار آنے کے بعدجہاں مسلم کش فسادات اور نہتے کشمیریوں کے قتل عام میں اضافہ ہوا ہے وہیں اس نے پاکستان میں بھی دہشت گردی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ بھارت سرکار پاکستان کی جانب سے دوستی کا ہاتھ بڑھائے جانے کا جواب کنٹرول لائن پر فائرنگ اور دھماکوں کے ذریعہ نہتے شہریوں کا قتل عام کر کے دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں شکست کا انتقام لینے کیلئے بھارت کو پاکستان پر مسلط کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔