فیصل آباد : امیدوار سٹی میئر ذوالفقار احمد شیخ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے جو نفرت کا بیج بویا ہے اس کی فصل بھی اسے ہی کاٹنا پڑے گی۔ آٹھ روز میں 44 افراد کی شہادت انسانی المیہ سے کم نہیں ہے۔ اگر بھارت اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کر کے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیتا ہے تو پھر کشمیری مسلمان جو بھی فیصلہ کریں گے وہ پاکستان اور بھارت کو قبول کرنا چاہیے۔ اگر وہاں کے عوام پاکستان کیساتھ الحاق کرنا چاہتے ہیں تو بھارت اسے بخوشی قبول کرے اور اگر کشمیری بھارت کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو پھر ہمیں بھی کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت خود کو سب سے بڑی جمہوریت بڑے فخر سے کہلواتا ہے مگر اس کو جمہوریت کی الف ب بارے بھی کچھ معلوم نہیں ہے کیونکہ ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنے کا نام ہی جمہوریت ہے۔ مودی سرکار نے تو آمریت کو بھی مات دیدی ہے۔ ذوالفقار شیخ نے مزید کہا کہ کرفیو لگا کر کشمیریوں کو ان کے گھروں میں محصور کر دینا ترین انصاف نہیں ہے کیونکہ کرفیو کے دوران بنیادی انسانی حقوق معطل ہو جاتے ہیں اور لوگ روزمرہ کی اشیاء بھی لانے سے قاصر ہوتا ہے۔
وقت آ گیا ہے کہ بین الاقوامی برادری بھارتی مظالم پر آواز اٹھائے اور اسے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کرنے کا مرتکب قرار دیکر اس کا سوشل بائیکاٹ کرے تاکہ کشمیریوں کو بھی محسوس ہو کہ اس کے ساتھ دنیا ہے مگر لگتا ہے ایسا ہونا ممکن نہیں کیونکہ دنیا اس وقت بھارت کے ساتھ ہے، تاہم پاکستان اس سلسلہ میں سفارتی مہم شروع کرنے والا ہے جس کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔