ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) نریندر مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی مخالفت کرنے والے سابق وزیر اور کانگریس کے رہنما چدم برم کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سابق بھارتی وزیر کی گرفتاری آئی این ایکس میڈیا منی لانڈرنگ کے معاملے میں دہلی ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت مسترد ہونے کے بعد عمل میں لائی گئی۔
73 سالہ چدم برم پر الزام ہے کہ انہوں نے 2007 میں بطور وزیر خزانہ آئی این ایکس گروپ میں بیرونی سرکامیہ کاری کی منظوری کے عوض رشوت وصول کی تاہم وہ الزامات کی تردید کرتے ہیں۔
کانگریس کے رہنما چدم برم کو سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے نئی دہلی میں ان کے گھر سے گرفتار کیا۔
گزشتہ روز دہلی ہائیکورٹ میں ان کی عبوری ضمانت خارج ہونے کے بعد کانگریسی رہنما نے سپریم کورٹ میں درخواست کی فوری سماعت کی کوشش کی تاہم اس میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا۔
گرفتاری سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے چدم برم کا کہنا تھا کہ آئی این ایکس میڈیا میں سرمایہ کاری کے معاملے پر ان کا یا ان کے اہلخانہ کے کسی فرد پر کوئی الزام نہیں ہے لیکن ایسا ماحول بنایا جارہا ہے کہ بڑا جرم ہوا ہے۔
بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما چدم برم وزیرخزانہ اور وزیر داخلہ رہ چکے ہیں اور ساتھ ہی وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کی پالیسیوں کے سخت ناقد بھی ہیں۔
چدم برم نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کی سخت مخالفت کی تھی۔