مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و جبر ،استحصال اور غلامی کیخلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی
Posted on May 7, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
بھمبر(ڈسٹرکٹ رپورٹر)مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و جبر ،استحصال اور غلامی کیخلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی وادی میں جاری تحریک کی بھرپور سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی سپورٹ کرتے رہیں گے ان خیالات کا اظہار کشمیر فریڈم موومنٹ ضلع بھمبر کے صدر چوہدری محمود الحسن ایڈووکیٹ نے کانگڑہ میں کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ آزادی تحریکوں کو بندوق کے زور پر کبھی بھی روکا نہیں جا سکتا اور نہ ہی حریت پسندوں کو پھانسی پر لٹکا کر اس تحریک کو دبایا جا سکے گا انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم اور استحصال کیخلاف جاری جنگ کشمیریوں کا حق ہے۔
آزادکشمیر ،گلگت بلتستان اور بیرون ملک مقیم کشمیری اس کی مکمل سپورٹ کرتے رہیں گے انہوں نے کہاکہ مقبول بٹ شہید کی بھانسی کے بعد اب افضل گورو کو پھانسی دیکر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کی کوشش کی گئی۔
جو بھارت کی سب سے بڑی غلطی ا ور بھول ہے کشمیریوں نے شہادتوں کے بدلے آزادی لینے کا بھرپور عزم کررکھا ہے کشمیرفریڈم موومنٹ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی سپورٹ جاری رکھے گی۔