سری نگر (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 6 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع گاندربل کے علاقے نرانگ میں گھر گھر تلاشی کی آڑ میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔
کے ایم ایس نے بتایا کہ قابض فوج نے جموں کے ضلع رام بن کے علاقے بٹوٹے میں بھی آپریشن اور گھر گھر تلاشی کے بہانے 3 نوجوانوں کو تشدد کرکے شہید کیا۔
رپورٹ کے مطابق علاقے میں بھارتی قابض فوجیوں کا آپریشن تاحال جاری ہے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے 5 اگست سے مکمل لاک ڈاؤن کر رکھا ہے جس کے باعث وادی میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔
مقبوضہ وادی میں بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے جبکہ موبائل فون، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کی سروس بھی معطل ہے۔
بھارتی فوج کے تشدد اور فائرنگ سے اب تک 15 سے زائد کشمیری شہید ہو چکے ہیں اور حریت رہنماؤں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے 74 ویں جنرل اسمبلی اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔
خطاب کے دوران وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں بھارت سے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے 50 روز سے زائد جاری کرفیو ہٹائے۔
گھر میں نظر بند بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان کے خطاب کو سراہا گیا، یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم نے کشیمیریوں کے سفیر کا اپنا وعدہ پورا کیا۔