مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کے وحشیانہ تشدد سے نوجوان شہید‘ شہریوں کا شدید احتجاج

Kashmir

Kashmir

سرینگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ظلم کی ایک اور مثال قائم کر دی تشدد کرکے نوجوان کو شہید کر دیا نوجوان کی نعش کپواڑہ کے جنگل سے برآمد واقعہ کے خلاف لواحقین کا شدید احتجاجی مظاہرہ۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ کے جنگل سے ایک نوجوان کی نعش برآمد ہوئی ہے جسے بھارتی فوجی اہلکاروں نے تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

بتایا گیا ہے کہ بدھ کی صبح مقامی لو گوں نے جنگل میں ایک نعش دیکھی جس کے بعد انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے نعش کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے لیکن اس کی شناخت نہ ہو سکی۔ اس افسوسناک واقعہ کے خلاف لواحقین نے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھارتی فوج کے خلاف نعرے بازی کی۔

اس موقع پر مشتعل افراد نے فوج کی ایک گشتی پارٹی پر پتھرائو بھی کیا اور مطالبہ کیا کہ فوجی اہلکار فی الفور وادی چھوڑ دیں ۔ ادھر سینئر حریت پسند لیڈر اور حریت کانفرنس جموں وکشمیر کے ذمہ دار مشتاق الاسلام جیل میں قید ہیں کئی بار عدالتوں سے ضمانتیں ملنے کے باوجود ان کی رہائی کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا جا رہا ہے۔

مشتاق الاسلام کے اہل خانہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ انہیں پولیس خاص طور سے نشانہ بنا رہی ہے اور ایک بار پھر سے انہیں طویل حراست میں رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔