تلہ گنگ( )مسلم لیگ(ن) لاہور کی ایڈیشنل انفارمیشن سیکرٹری نبیلہ طارق بٹ نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ڈیڑھ کروڑ کشمیروں کی جدوجہد آزادی میں پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔ حکومت مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارتی عزائم کے خلاف عالمی سطح پر مہم چلائے جنوبی ایشیا میں قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے کشمیر کو اٹوٹ انگ قرار دیا تھا لیکن حکمرانو ں کی عدم توجہی کی وجہ سے اس اہم ایشو کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے ،ایسے میں مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات میں کشمیریوں کو شامل کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے۔
بھارت میں کشمیری عوام کا استحصال کیا جا رہا ہے ا قوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیری عوام کو ظلم سے نجات دلانے اور خطے میں قیام امن کیلئے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپناکردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اس عزم کے اعادہ کرنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی جدو جہد آزادی اور اس مسئلے کے پر امن حل کیلئے کشمیریوں کے موقف کی کھل کر حمایت کرے۔انہوں نے کہاکہ ارباب اختیار کشمیر بارے یوٹرن پالیسی ترک کرکے پالیسی واضح کریں۔ کشمیر کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی سودے بازی قابل قبول نہیں اس لئے پاکستانی حکمران کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اس ایشو کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہرسال5فروری کے دن پاکستان میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی منانے کاکریڈٹ میاں نوازشریف کو جاتا ہے۔
بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ اور کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم رکھنا ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے ہی حل کرنا ہی پاکستان اور بھارت دونوں کے مفاد میں ہے۔جب تک مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی منشاء کے مطابق حل نہیں ہوتا اس وقت تک پاکستان اور بھارت کے درمیان دیگر تنازعات ختم نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) برسراقتدار آ کر دوبارہ اس مسئلہ کو حل کرانے اور کشمیروں کو حق خودارادیت دلوانے کے لئے موثر،فعال اورنتیجہ خیز اقدامات اٹھائے گی اور آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔