مسئلہ کشمیر پر بحث کیلئے تیار ہیں: بھارتی وزیر د فاع

Manohar Parrikar

Manohar Parrikar

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیردفاع منوہر پاریکر نے کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ تشدد سے پاک ماحول میں نہ صرف بات چیت بلکہ مذاکراتی میز پر مسئلہ کشمیر پر بحث کیلئے بھی تیار ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کسی کو تشدد بھڑکانے کی اجازت نہیں دی جائیگی اور جنگجوئوں کے خلاف فوجی آپریشن جاری رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی ختم نہیں ہوئی تاہم اس میں کمی ضرور آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اسلحہ کی کوئی کمی نہیں اور بھارت جارحیت کا پوری طرح جواب دینے کے اہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن جاری رہیں گے اور کسی بھی قیمت پر امن کو آنچ نہیں آنے دی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ کٹھن صورتحال میں فوج کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قربانیاں دینا پڑتی ہیں اور فوج اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خبردار کیا کہ وہ درپردہ جنگ بھارت پر مسلط کرنے سے بار رہے۔

کیونکہ فوج کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سرحدوں کی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں ہے بلکہ سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے فوج چوکنا ہے۔