میرپور (بیورورپورٹ) مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے ، تارکین وطن کے دل کشمیریوں کیساتھ دھڑکتے ہیں، مسئلہ کشمیر کیلئے اپنی بھرپور سفارتی خدمات جاری رکھیں گے، برطانیہ کا لوکل گورنمنٹ نظام پاکستان میں رائج کر کے بے شمار مسائل سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے، جب تک لوکل گورنمنٹ کا نظام فعال نہیں ہوتا پاکستان کے مسائل کا حل ممکن نہیں، تحریک آزادی کشمیر کیلئے تمام تارکین وطن بلاتنخواہ سفیر کا کام سرانجام دیتے ہیں
آر پار بسنے والے کشمیریوں کو ایک نکتہ پر اکٹھا ہوکر منزل کا تعین کرنا ہوگا، جب تک کشمیری لیڈر شپ اور عوام مختلف سمتوں میں تحریک چلاتے رہیں گے، آزادی کی منزل اتنی طویل ہوتی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار میئر آف بلیک برن / ڈارون بارو کونسل راجہ فریاد حسین نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ اپنے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس سے پہلے انہیں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے امیدوار قانون ساز اسمبلی راجہ محمد رزاق ، راجہ خوشنود ،رزاق کشمیری ، راجہ محمد رشید، و دیگر کی قیادت میں انہیں منگلا پل پر ڈھول کی تھاپ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اور پھولوں کے سینکڑوں ہال ڈال کر خوش آمدید کہا گیا اور ایک بڑی ریلی کی شکل میںمقامی ہوٹل میں لایا گیا۔
برطانیہ سے مئیر آف بلیک برن راجہ فریاد حسین کیساتھ وفد میں کونسلر حاجی ضمیر حسین،کونسلر راجہ افتخار حسین،کونسلر پرویز اختر ، حاجی بشیر احمد ،راجہ جمروز خان ، راجہ افتخار حسین و دیگر بھی شامل تھے۔مئیر آف بلیک برن راجہ فریاد حسین نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرپور اور سماہنی کے عوام نے جس طرح ان کا استقبال کیا اور محبت سے نوازا وہ کبھی فراموش نہیں کر پائیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ تارکین وطن کے دل آر پار کشمیر میں بسنے والے کشمیریوں کیساتھ دھڑکتے ہیں اور مسئلہ کشمیر کیلئے اپنی بھرپور سفارتی خدمات جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم تمام کشمیری تارکین وطن کشمیریوں کے بلا تنخواہ سپاہی و سفیر ہیں جنہوں نے یورپی ممالک میں ہر پلیٹ فارم پر مسئلہ کشمیر کی بات کی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست آزاد کشمیر کے لوگوں کو درپیش بے شمار مسائل کو برطانیہ کا لوکل گورنمنٹ نظام فالو کر کے ختم کیا جا سکتا ہے۔
برطانیہ کا لوکل گورنمنٹ کا نظام ہرلحاظ سے موثر ہے اور اس کو اپنا کر ہم بے شمار ایسے مسائل سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں جنہیں آج تک حل نہیں کیا جا سکا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقامی مقررین مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے رہنما راجہ عبدالرزاق، راجہ خوشنود اور رزاق کشمیری نے برطانیہ میں بسنے والے تارکین وطن اور مئیر آف بلیک برن اور ان کیساتھ آنیوالے کونسلرز کے وفد کی خدمات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے ماتھے کا جھومر ہیں اور انہیں اپنے ان بھائیوں پر فخر ہے جو برطانیہ میں بیٹھ کر اپنے کشمیری بھائیوں کے حقوق کی بات ان ایوانوں میں کرتے ہیں جہاں تک عام کشمیری کی آواز نہیں پہنچ پاتی۔