اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازع ہے، بھارت کے تمام تر مظالم بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی کے مقصد سے نہیں ہٹا سکے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں خوں ریزی روکے اور اقوام متحدہ کی زیرنگرانی آزادانہ اور شفاف استصواب رائے کرائے۔
وزیراعظم نوازشریف نے پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل میں سب سے پرانا تنازع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں منظم بھارتی ریاستی دہشت گردی اور قابض بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بےگناہ کشمیریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے پیلٹ گن کے استعمال سے 150 کشمیری بینائی سے محروم ہوگئے، بھارتی قابض فوجیوں کی جانب سے کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں،12 ہزار افراد غیرقانونی قید میں ہیں۔
سینئر حریت رہنماؤں کو گرفتار یا نظر بند کیا گیا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کےحق خودارادیت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کی قربانیوں اور جرأت پر سلام پیش کرتے ہیں، پاکستان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہے گا، خطے میں خوشحالی کا خواب مسلہ کشمیر کے حل تک پورا نہیں ہو گا۔