لندن (جیوڈیسک) برطانوی رکن پارلیمنٹ ڈیوڈ وارڈنے کہا ہے کہ دیرینہ مسئلہ کشمیر سے علاقائی اور عالمی امن کو خطرہ لاحق ہے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جانا چاہئے۔
بریڈ فورڈ ٹیلی گراف نے ایک رپورٹ میں کہاہے کہ ڈیوڈ وارڈ جو برطانوی پارلیمنٹ میں بریڈفورڈ ایسٹ کی نمائندگی کرتے ہیں خطے کی سیاسی اور انسانی صورتحال کے بارے میں بحث کیلئے بیک بنچ بزنس کمیٹی کو درخواست دی اور انہیں دیگر ارکان پارلیمنٹ کی حمایت بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تنازع کی وجہ سے خطے میں عدم استحکام، کشیدگی اور انسانی حقوق کے مسائل جنم لے رہے ہیں۔
ڈیوڈ وارڈنے کہاکہ مسئلہ کشمیر، کشمیریوں کے حق خودارادیت اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں دارالعوام میں کافی عرصے سے بحث نہیں کی گئی ہے اور بھارت میں حکومت کی تبدیلی کے بعد ایسا لگتا ہے کہ اب پارلیمنٹ میں کشمیر کے بارے میں مکمل اور جامع بحث کیلئے وقت درست ہے۔