حسب سابق اس بار بھی آزاد کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منگل کے روز5فروری کو منایا جائے گا ، حکومت نے اس دن کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے مختلف دینی و سیاسی جماعتوں ، سماجی تنظیموں اور عوام کی جانب سے آزاد کشمیر اور پاکستان کے مختلف شہروں میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالنے سمیت سیمینارز اور دیگر تقریبات کا ا ہتمام کیا جائے گا جبکہ انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بھی بنائی جائیں گی ایک بات جو یاد رکھنے کی ہے وہ یہ کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔
کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ نے کوئی کردارا دا نہیں کیا بھارتی افواج دن رات کشمیریوں پر ظلم وبربریت کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور انہیں نہ تو اقوام متحدہ پوچھتا ہے اور نہ ہی عالم اسلام کے حکمران کوئی کردار اداکرنے کیلئے تیار ہیں مگر اس کے باوجود بھارت کے مظالم کی انتہا اور کشمیریوں کی آواز دبانے کا ہر ہندوستانی حربہ ناکام ہوگیا ہے کشمیری نوجوان شہدا ء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان شہداء کی قربانیوں کی بدولت بھارت جلد مقبوضہ کشمیر سے نکلنے پر مجبور ہوگا بھارت اب زیادہ دیر تک فوجی طاقت کے ذریعے کشمیرپر اپنا جابرانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا 80ہزار شہداء کشمیر کی قربانیاں اور شہیدوں کاخون رائیگاں نہیں جائیگا۔
کشمیریوں کاخون رنگ لائیگا اور کشمیر جلد آزاد ہوگا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف مقامات پر کیمپس بھی لگائے جائیں گے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیری بھی اس دن کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کریں گے اس دن کی مناسبت سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم کررہا ہے، عالمی دنیا خاموش ہے ،مسئلہ کشمیر حل طلب مسئلہ ہے، اسے بات چیت سے حل کیا جائے،مودی کی مقبوضہ کشمیر آمد پر مکمل شٹر ڈان ہڑتال تھی، کیا مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال پاکستان نے کرائی تھی، پاکستان پرامن ملک ہے ہم لڑائی نہیں چاہتے،نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز کا استعمال کیا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال تیزی سے بگڑ رہی ہے۔
دنیا میں جمہوریت کا سب سے بڑا دعویدار بھارت کشمیر میں ظلم کررہا ہے، کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے جذبے پر قائم ہیں،کشمیر ایشو پر پاکستان کشمیر اور بھارت فریق ہیں، حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت انسانی حقوق اورجمہوریت کا سب سے بڑا دشمن ہے، نریندرمودی کے دورے پرمقبوضہ کشمیرمفلوج کر دیا گیا ہے، مقبوضہ وادی میں تمام حریت قیادت کونظربند کردیا گیا ہے،بھارت آزادی کے حق کے ساتھ قدرتی وسائل بھی لوٹ رہا ہے۔
وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ بھارت اپنی آئینی ترامیم کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کررہا ہے ، یہ پاکستان کے لئے قابل قبول نہیں اقوام متحدہ کے ایجنڈے میں کشمیر کو متنازعہ علاقہ قرار دیا گیا ہے اور اس کی آبادی کے تناسب میں تبدیلی سے علاقے میں استصواب رائے کا عمل متاثر ہوگا ۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کے ذریعے اپنا قبضہ برقرار رکھنے کی ناکام کوششیں کر رہا ہے ، افغانستان کے حالات سے سبق سیکھ کر حقائق کو تسلیم کر نا چاہیے۔
مسلم لیگ ن کے رہنماؤں رانا ارشد ،شہزاد شریف خان اور سید سرفراز حیدر کاظمی نے کہا ہے کہ نہتے اورمعصوم شہریوں کے سینے گولیوں سے چھلنی اوران کی بنیائی چھیننے والے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا دورہ سرینگر کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے،پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جذبے سے منائیں گے،یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرمظلوم کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان اورآزادکشمیر کی عوام یکجہتی مناکردنیا کو پیغام دیں گے کہ جابر اورجارح ملک بھارت کو مقبوضہ وادی سے اپنی فوج کا انخلا کرنے کیلئے اپنا کرداراداکرے۔کشمیری رہنما فاروق آزاد نے کہاکہ مقبوضہ وادی میں تمام حریت قیادت کونظربند کردیا گیا ہے بھارت انسانی حقوق اورجمہوریت کا سب سے بڑا دشمن ہے، بھارت ہمارا خون اور پانی چوس رہا ہے بھارت آزادی کے حق کے ساتھ قدرتی وسائل بھی لوٹ رہا ہے دنیا کا سب سے بڑا مارشل لا انڈیا کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں لگا ہوا ہے، نریندر مودی کی سیکیورٹی کے لیے شارپ شوٹرز تعینات کر دیئے گئے ہیں۔
آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ بھارت سے تعلقات اچھے ہوں تاہم اسکے لئے ضروری ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند ہونا چاہیں اور مسئلہ کشمیر حل ہو۔بی جے پی انتہاء پسند ہندؤوں کی جماعت ہے اور وہ دوبارہ اقتدار میں آنے کے لئے بھارت میں مقیم اقلتیوں اور کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر سوشل میڈیا خواتین ونگ کی مرکزی صدر محترمہ گلشن منہاس نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان مسئلہ کشمیر کوحل کرنے کیلئے کشمیری قیادت سے مشاورت کا اہتمام کریں اورکشمیری قیادت سے تجاویز لی جائیں۔
یوم یکجہتی کشمیر کا انعقاد خوش آئند ہے،ہم پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ ہرسال پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر مناتے ہیں اور آخر میں صرف اتنا ہی کہنا چاہوں گا کہ دنیا میں پاکستان کشمیریوں کاواحد وکیل اور پاکستان کشمیر یوں کی منزل ہے مسئلہ کشمیریوں کو پوری دینامیں پاکستان نے اُجاگر کیا کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ تحقیقات کرائے بھارتی دہشتگردی پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی کی بھرپورمذمت بھی کرتاہوں اور اس وقت بھارت کا دنیاکا سب سے بڑا دشت گرد ملک ہیں ۔یوم یکجہتی کشمیر پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ روح کا رشتہ ہیں۔