مظفرآباد (جیوڈیسک) صدرآزاد کشمیر سردار یعقوب خان نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کے دورہ بھارت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستا ن کے اپنے بھارتی ہم منصب کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام اور خطے کی مجموعی صورتحال پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔
توقع ہے کہ دونوں رہنما زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جراتمندانہ اقدام کا فیصلہ کریں گے۔ کارکنوں اور صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں وزرائے اعظم کو اپنے اپنے عوام کی مکمل تائید و حمایت حاصل ہے۔ اگر یہ مل کر مسئلہ کشمیر پر عوامی خواہشات اور کشمیر قوم کیلئے قابل قبول حل تلاش نہ کر سکے تو پھر کسی آئندہ حکومت کیلئے یہ ممکن نہ ہو سکے گا۔
صدرآزادکشمیر نے کہا کہ کشمیری قوم توقع رکھتی ہے کہ بھارت کے حکمرانوں نے مسئلہ کشمیر کو 67 سال تک حل طلب رکھ کر یہ جان لیا ہو گا کہ طاقت کے بل بوتے پر اس مسئلے کو ختم کرنا ممکن نہیں ہے۔ صدرآزادکشمیر نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور ان سے پاکستان بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے مثبت توقعات کا اظہار کیا ہے۔