راولپنڈی : جموں و کشمیر لبریش فرنٹ (شمالی امریکہ) کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل رائے شماری ہے، کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں، تمام کشمیری خودمختار ریاست کے قیام کیلئے جدوجہد کریں کیونکہ آزادوخودمختار ریاست کا قیام ہی وقت کی ضرورت ہے، بھارت نہتے کشمیریوں پر اپنی فوجی بربریت کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں قحط ورجال ہے ایسے حالات میں اقوام متحدہ اور بین الاقوامی تنظیموں کو بھارت پر پریشر بڑھائیں تاکہ وہ کشمیر سے اپنی فوجی انخلاء کرے ،یاسین ملک کی باربار گرفتاری اورنظربندی قابل مذمت ہے ۔ان خیالات کااظہار جموں وکشمیر لبریش فرنٹ (شمالی امریکہ ) کے رہنما قاسم کھوکھر،سردار حلیم خان ، راجہ محمد نواز،،اشرف گلشن، لیاقت بھٹی، افتخار چوہدری، سلطان محمود بھٹی، راجہ محمد عرفان اوردیگر رہنمائوںنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جموں وکشمیر لبریش فرنٹ (شمالی امریکہ ) کے عہدیداروںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد جو صورتحال پیش آئی ہے اس سے بھارت کے مکرو چہرہ نہ صرف بے نقاب ہواہے بلکہ اس کے نام نہاد جمہوریت کے علمبردار ہونے کابھی پول کھل گیا ہے۔
بھارت کشمیر کو کبھی بھی بندوق کے زور پر حاصل نہیں کرسکتا ،طاقت کسی مسئلہ کا حل نہیں ،اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دیا جائے ،مقبوضہ کشمیر میں بھارت کرفیوفلفور ختم کرے ،محسور کشمیریوں کوکھانے پینے کی اشیاء مہیا کی جائیں ان کاعلاج معالجہ کیا جائے ، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا بین الاقوامی تنظیمیں اوراقوام متحدہ نوٹس لے۔