مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئیے، پاکستان

Qazi Khalil Ullah

Qazi Khalil Ullah

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف کا اعادہ کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئیے۔

دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وارمیڈیا بریفنگ کے دوران قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ بھارتی اداکارانوپم کھیرسے ہمارے ہائی کمشنر کی تین روز قبل فون پربات ہوئی تھی، عبدالباسط نے کراچی ادبی میلے میں شرکت کے لئے انوپم کھیر کو پاکستانی ویزے کے پیشکش کی لیکن انہوں نے معذرت کرلی۔

انوپم کھیر نے کہا تھا کہ ان کا پاکستان آنا ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 5 فروری کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے۔ یہ دن ہمیں کشمریوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتے ہیں، پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات کا ابھی شیڈول طے نہیں ہوا۔ بھارتی صدر کے بابری مسجد سے متعلق بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں، داؤد ابراہیم پاکستان میں موجود نہیں اور نا ہی یہاں اس کا کوئی رہائشی پتہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دنیا جانتی ہے پاکستان کے نزدیک اچھے اوربرے دہشتگرد کی کوئی تفریق نہیں ، ضرب عضب آپریشن کسی تفریق سے بالاتر ہے ۔ چارسدہ واقعے میں افغان سرزمین استعمال ہوئی ہے اوراس معاملے پر افغانستان اورپاکستان رابطے میں ہیں۔ افغانستان میں امن مذاکرات کے لئے چارملکی مذاکرات 6 فروری کو اسلام آباد میں ہوں گے۔

قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات چاہتا ہے۔ بنگلا دیش میں پاکستانی ہائی کمشنر کو دو طرفہ امور پر بات چیت کے لئے بلایا گیا ہے۔ چارسدہ واقعہ میں افغان سرزمین استعمال ہوئی،افغان حکومت سے رابطے میں ہیں۔