اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، اپنی سرزمین سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیر اعظم نواز شریف سے یورپین پارلیمنٹ کے وفد نے ملاقات کی ، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان یورپی یونین سے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، اپنی سر زمین سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا جی ایس پلس سے یورپی یونین سے پاکستانی برآمدات میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ دونوں پارلیمنٹ کے درمیان مشاورت کا طریقہ کار وضع کیا جانا چاہئے۔
اس موقع پر یورپی پارلیمنٹ کے وفد نے وزیر اعظم سے سانحہ پشاور پر گہرے دکھ کا اظہار بھی کیا ادھر وزیر اعظم نواز شریف سے برطانوی کابینہ کی وزیر فرانسس ماؤڈے نے بھی ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات ٹھوس بنیادوں پر قائم ہیں ۔ انہوں نے کہا پاکستان میں سول سروس میں اصلاحات کا عمل شروع کر دیا گیا۔ موجودہ چیلنجز ، حقائق کے تناظر میں سول سروس اصلاحات وقت کی ضرورت ہے۔