سرینگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 25 برس کے دوران بھارتی فوجیوں کی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں شہید ہونے والے 94,110 شہریوں میں 2,305 خواتین شامل ہیں جبکہ اس دوران 10,129 خواتین کی عصمت دری بھی کی گئی۔
خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں 1989ء سے جاری کشیدہ صورتحال میں خواتین سب سے زیادہ بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ بھارتی فوجی خواتین کو مسلسل جنسی طور پر ہراساں کر رہے ہیں۔
اس عرصے کے دورن بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو کمزور کرنے کیلئے 10,129 خواتین کی عصمت دری کی جبکہ 22,786 بیوہ ہوئیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں ذہنی امراض میں مبتلا ہونے والے ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں میں سب سے زیادہ تعداد خواتین کی ہے۔