ٹیاں بالا (اصل میڈیا ڈیسک) آزاد کشمیر میں چکوٹھی کے قریب ایل او سی عبور کرنے کے خواہش مند کشمیریوں کا دھرنا جاری ہے۔
جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کا لائن آف کنٹرول چکوٹھی کے قریب جسکول کے مقام پر دھرنا جاری ہے۔ مظاہرین نے بارش اور شدید سردی میں شاہراہ سرینگر پر رات گزاری تاہم سخت موسم بھی ان کے عزم اور حوصلوں میں کمی نہ کر سکا۔
مظاہرین کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قید میں موجود اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجتی کے لیے جوش و جذبہ دیدنی ہے۔ وہ مقبوضہ کشمیر میں دو ماہ سے نافذ کرفیو ختم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
دھرنا قائدین کا کہنا ہے کہ راستے سے رکاوٹیں ہٹاکر ہمیں سیز فائر لائن عبور کرنے دی جائے، راستہ ملنے تک جسکول کے مقام پرہی دھرنا دیا جائے گا۔
مارچ میں شامل شرکا نے کشمیریوں کی آزادی کے حق میں بینرز ، کشمیر کے پرچم، جے کے ایل ایف رہنماؤں یاسین ملک اور دیگر کی تصاویر اٹھارکھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیرمیں محصور اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم ایل او سی کو عبور کریں گے کیونکہ اقوام متحدہ ہمیں سیز فائر لائن عبور کرنے کی اجازت دیتی ہے۔
ادھر مظاہرین کو قابو کرنے اور ایل او سی پار کرنے سے روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری اردگرد کی پہاڑیوں پر مورچے سنبھالے ہوئے ہے۔