برسلز (پ۔ر) پاکستان یونین ناروے نے اعلان کیا ہے کہ یونین اوسلو میں ستائیس اکتوبر کو نارویجن پارلیمنٹ کے سامنے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف منعقد ہونے والے مظاہرے کی مکمل حمایت کرتی ہے پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمر اقبال اور یونین کے دیگر عہیدیداروں کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان مشترکہ میں کہاگیاہے کہ پاکستان یونین ناروے کی طرف سے اس مظاہرے کے اہتمام اوراس میں لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کے لیے بھرپور تعاون کیا جارہاہے۔
یہ مظاہرہ ناروے میں نوجوانوں کی تنظیم ’نارویجن پاکستانی کمیونٹی ڈسکشن فورم‘کے اہتمام کیاجارہاہے۔بیان میں کہاگیاہے کہ ہم اپنی بہنوں، بھائیوں، بزرگوں اور دوستوں اورنوجوانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اس مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں ۔ یہ مظاہرہ بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے ہورہاہے اورہم سب کا فرض ہے کہ اس مظاہرے میں زیادہ سے زیادہ شریک ہوں۔
یادرہے کہ کشمیری ہرسال ستائیس اکتوبرکو یوم سیاہ کے طورپراس لئے مناتے ہیں کیونکہ 1947کو اسی دن بھارت نے سری نگرسمیت کشمیرکے ایک بڑے حصہ پر قبضہ کرلیاتھا۔اوسلوکا مظاہرہ نارویجن پاکستانیوں کی طرف ایسے وقت ہورہاہے جب گذشتہ چند ماہ سے بھارتی فوج کی طرف سے مقبوضہ کشمیرمیں مظالم میں مزید اضافہ ہواہے۔
بیان میں مزیدکہاگیاہے کہ مقبوضہ کشمیرکے عوام ہرروز مظالم کا شکارہورہے ہیں اور ہمارا فرض بنتاہے کہ ان کے ساتھ یکجہتی کااظہارکریں اور ان پرہونے والے مظالم کے کے خلاف اپنی آوازبلندکریں۔ عالمی برادری کوچاہیے کہ اس صورتحال کافوری نوٹس لیتے ہوئے کشمیریوں پرمظالم بندکروائے۔مقبوضہ کشمیرمیں گذشتہ چند ماہ کے دوران توصورتحال مزیدخراب ہوگئی ہے۔
بھارت کی طرف سے پیلٹ گن کے استعمال سے ہزاروں لوگوں کو نابینااوران کے چہروں کومجروح کردیاگیاہے۔ ایک سوسے زائد لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں۔