لاہور : تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور لاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے چیئرمین عاشق رسول ؐ، دور حاضر کے عظیم روحانی پیشوا،قائدروحانی انقلاب صوفی مسعوداحمد صدیقی نے کہاہے کہ باطنی طور کشمیر مسلمانوں کا ہوچکا ہے۔ ماضی کی حکومتوں کی یہ نااہلی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے مسئلہ کشمیر کے موثر حل میں پیش رفت نہ ہو سکی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن راوی میں مشائخ عظام کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان کا کہنا تھاکہ اللہ تعالیٰ اور اس کے پیارے حبیب نبی آخرالزماں حضور نبی کریم ؐ نے باطنی طور پر مقبوضہ کشمیر مسلمانوں کے حق میں لکھ دیا ہے۔موجودہ حکومت،وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کرکے امت مسلمہ کی خدمت کا حق ادا کردیا ہے اور تمام پاکستانیوں سمیت کشمیری مسلمانوں کے بھی دل جیت لئے ہیں، انشاء اللہ اب وہ وقت دور نہیں جب کشمیری مسلمان بھی آزاد ہو کر دین اسلام کا پرچم بلند کریں گے۔انہوں نے کہاکہ اگر ماضی کی حکومتیں مسئلہ کشمیر کو حقیقی معنوں اور صدق دل سے اقوام عالم کے سامنے رکھتے تو کچھ شک نہیں کشمیر آزاد ہو چکا ہوتا۔ امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان صوفی مسعوداحمد صدیقی نے اس موقع پرآزادی کشمیر اور ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔