کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ اور شہ رگ ہے کشمیر کو بھارت کے قبضہ سے چھڑا کر ہی دم لینگے۔شیخ آفتاب
Posted on October 28, 2013 By Majid Khan سٹی نیوز
اٹک : کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ اور شہ رگ ہے کشمیر کو بھارت کے قبضہ سے چھڑا کر ہی دم لینگے کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بھارت نے بندوق کی نوک پرنہتے کشمیریوں پر قبضہ جما رکھا ہے کشمیر صرف کشمیریوں کا مسئلہ نہیں بلکہ ہر پاکستانی کا مسئلہ ہے وہ دن دور نہیں جب کشمیر بھارت کے تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ایشین ٹائیگر محمد نواز شریف کا مسئلہ کشمیر پر ٹھوس موقف تاریخ کا حصہ ہے کشمیریوں کے مسئلہ کو کسی صورت پس پشت نہیں ڈالا جا سکتا انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگااور بھارتی تسلط سے آزاد خطہ ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے جناح ہال ضلع کونسل اٹک میں ضلعی انتظامیہ، ٹی ایم اے اٹک اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام کشمیر ڈے یوم سیاہ کے سلسلہ میں ملک گیر احتجاج کے حوالہ سے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلعی صدر مسلم لیگ(ن) جاوید باجوڑی، ضلعی سینئر نائب صدر محمد سلیم شہزاد، ضلعی افسر تعلقات عامہ شہزاد نیاز کھوکھر، ضلعی افسر سوشل ویلفیئر خالد صباء ، ٹی ایم او سردار آفتاب احمد خان ، چیئرمین اٹک پریس کلب (رجسٹرڈ) ندیم رضا خان ، شیخ ناصر محمود، شیخ عارف، ندیم افضل ، احمد اشفاق خان ، ملک نواز خان ایڈووکیٹ، حاجی خالد سلطان، ڈائریکٹر تعلقات عامہ جماعت اسلامی تحصیل اٹک لیاقت عمر ، مقصود الہیٰ بھٹی کے علاوہ معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر زبر دستی قبضہ کر رکھا ہے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی سربراہی میں حکومت کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
لائن آف کنٹرول عارضی لکیر ہے اقوام متحدہ اپنی قرار دادوں پر عمل در آمد کراتے ہوئے کشمیر میں استصواب رائے جو کشمیریوں کا بنیاد ی حق ہے انہیں فراہم کرے دونوں جانب کے کشمیری پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں بعد ازاں وزیر مملکت کی قیادت میں کشمیریو ں سے اظہار یکجہتی کے لیے جناح ہال ضلع کونسل اٹک سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو کچہری چوک، کمیٹی چوک سے ہوتی ہوئی بی بلاک چوک پر اختتام پذیر ہوئی ریلی کی حفاظت کے لیے ایلیٹ فورس اور پولیس نے خصوصی انتظامات کر رکھے تھے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com