کراچی : انجمن طلبہ اسلام کے ذیلی ادارے بزم طلبہ ضلع ملیر کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس و مقابلہ جات سے خطاب کرتے ہوئے بانی انجمن طلبہ اسلام شیخ الحدیث حضرت علامہ جمیل احمد نعیمی نے کہا ہے کہ اسکول ، کالج اور جامعات سطح پر کشمیر کی آزادی اور حریت کے پیغام کا اجاگر کرنا بلاشبہ انجمن طلبہ اسلام کے طرہ امتیاز ہے۔
انجمن طلبہ اسلام نے اپنے قیام سے لے کر اب تک ہر دور میں کشمیر کی آزادی کے لئے آواز بلندکی اور کشمیر کی جدوجہد باقائدہ طور پر انجمن طلبہ اسلام کے منشور و دستور کا حصہ رہی ہے،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیر کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے، آنے والا وقت پاکستان کا ہے، ہمیں بھارت سے مشرقی پاکستان ، جوناگڑہ، گجرات، دکن کی ریاستیں بھی واپس لینی ہیں انجمن طلبہ اسلام ضلع ملیر کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں یہ بات ہمیشہ کی طرح آج پھر واضح کرتا ہوں کہ انجمن طلبہ اسلام کی بنیاد ی فکر قائد اہل سنت امام شاہ احمد نورانی صدیقی کی روحانی اور سیاسی فکر ہے۔
انجمن طلبہ اسلام ہر دور میں جمعیت علماء پاکستا ن کے زیر سایہ رہی ہے اور نظام مصطفی کی تحریک میں انجمن طلبہ اسلام اور جمعیت علماء پاکستان کا ساتھ تاحشر ساتھ ساتھ ہے، اگر کوئی طالبعلم اس سوچ سے الگ ہوتا ہے تو و ہ کسی صورت میری انجمن طلبہ اسلام کا ہمدرد یا کارکن نہیں ہے، انجمن طلبہ اسلام کے ذیلی ادارے بزم طلبہ ضلع ملیر کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ چھ مختلف قسم کے مقابلہ جات منعقد کئے گئے، ان مقابلہ جات میں مقابلہ حسن قرات، مقابلہ نعت، مقابلہ تقریر، مقابلہ مضمون نویسی، مقابلہ پوسٹر میکنگ ترتیب دئے گئے جس میں مختلف ججز کے پینل کی جانب سے ہر مقابلہ میں اول، دوئم، اور سوئم آنے والے طلبہ کو انعامات تقسیم کئے گئے۔
بزم طلبہ ضلع ملیر کی کانفرنس و مقابلہ جات کی میزبانی فراز رضا، اسامہ اعظمی، سارہ خان، احمد رضا نورانی نے کی،ان مقابلہ جات کی صدارت ناظم انجمن طلبہ اسلام کراچی نبیل مصطفائی نے کی، دیگر اہم مہمانوں میں جنرل سیکرٹری کراچی سیف الاسلام، برادر بابر مصطفائی، پروفیسر عثمان حیدر، علامہ عبدالوہاب اکرم، مفتی آصف حسین انصاری، انجمن طلبہ اسلام کے تمام اضلاع کے ذمہ داران، کارکنان اور ملیر ٹائون کے تمام مقامی اسکول کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔