لاہور (27اکتوبر 2016ء) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ صہیب الدین کاکا خیل نے کہا ہے کہ کشمیر کے عوام کے جذبہ حریت کو ریاستی جبر سے دبانا ناممکن ہے۔ کشمیری عوام کی 70 سالوں سے جاری جدوجہد مقامی ہے۔جس کا مقصد نام نہاد جمہوریت کے ورلڈ چمپئن سے آزادی حاصل کرنا ہے۔یہ تحریک وہاں کے بہادر عوا م نے شروع کی اور وہی اس کو کامیاب بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ میںآزاد ی کشمیر طلبہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا پیلٹ گنوں کے چھرے آنکھوں سے بینائی تو چھین سکتے ہیں مگر آزادی کا خواب مٹا نہیں سکتے۔لائن آف کنٹرول پر لگے پاکستانی پرچم کشمیریوں کی پاکستان سے محبت کا ثبوت ہیں۔کشمیرکے عوام کے دل پاکستان سے محبت میں دھڑکتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر ، کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے، دور جدید میں عالمی امن کے ٹھیکداروں کی معنی خیز خاموشی ناقابل برداشت ہے۔اسلامی جمعیت طلبہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔
ترکی میں ہونے والے انٹرنیشنل یوتھ فورم کے اجلاس میں کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت میں اسلامی جمعیت طلبہ نے قرارداد منظور کرائی۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں اسلامی جمعیت طلبہ نے کشمیریوں کی حمایت میں احتجاجی ریلیاں منعقد کیں تاکہ دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔