بھمبر (جی پی آئی) بھمبر اندرون شہر سے لاری اڈے ایک ہی جگہ منتقل کر کے جنرل بس اسٹینڈ قائم کیا جائے اندرون شہر مختلف حصوں میں قائم بس اڈے اور ویگن اسٹینڈ کے باعث شہریوں اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا انتظامیہ نوٹس لے شہریوں اور مسافروں کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق بھمبر شہر کے اندرونی علاقوں میں تین مختلف علیحدہ علیحدہ جگہوں پر بس اڈے اور ویگن اسٹینڈ قائم ہیں جہاں پر مسافر گاڑیاں مختلف روٹس پر جانے کیلئے ستیاب ہوتی ہیں ایک اڈے سے دوسرے اڈے تک جانے میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بالخصوص عورتیں ، بچے اور بوڑھے افراد کو شدید اذیت کا سامنا ہے ایک اڈے سے دوسرے اڈے جانے کیلئے مسافروں کو رکشورں کا اضافی کرایہ ادا کرنا پڑ رہا ہے بھمبر کے شہریوں اور مختلف روٹس پر سفرکرنے والے مسافروں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھمبر گجرت، بھمبر راولپنڈی، بھمبر سماہنی، بھمبر سیالکوٹ، بھمبر سرگودھا، بھمبر میرپور سمیت دیگر روٹس پر چلنے والی مسافرگاڑیوں کے تین مختلف اڈوں سے چلنے کے باعث ہمیں شدید مشکلات کا سامنا ہے شہر میں 3 جگہوں پر قائم بس اور ویگن اسٹینڈ ختم کر کے ایک ہی جگہ پر جنرل بس اسٹینڈ قائم کیا جائے جہاں پر مختلف روٹس پر جانے والی ٹرانسپورٹ ایک ہی جگہ دستیاب ہو انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر بھمبر کے عوام کو درپیش دیرنیہ مسئلہ کے حل کیلئے اقدمات اٹھائیں اور ایک ہی جگہ جنرل بس اسٹینڈ کے لئے عوامی مطالبہ پورا کریں ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بھمبر (جی پی آئی )سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع بھمبر چوہدری منیر حسین نے کہا کہ ضلع بھمبر میں امن و امان قائم رکھنا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دینگے سماہنی کا واقعہ افسوس ناک ہے واقعہ کی آڑ میں قیمتی املاک کی توڑ پھوڑ قابل مذمت ہے لوگوں کے جان و مال کا ہر صورت تحفظ کیا جائیگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر کشمیر پریس کلب بھمبر راجہ نعیم گل کی قیادت میں ملنے والے صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز سماہنی میں ہونیوالا واقعہ افسوس ناک ہے حکومت اور ضلعی انتظامیہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی انہوں نے کہا کہ واقعہ کی آڑ میں سماہنی کے اندر جلائو گھیرائو اور توڑ پھوڑ قابل مذمت ہے سماہنی میں ہونیوالے اسی طرح کے مختلف واقعات کی ایف آئی آر درج ہو گئیں ہیں جن کی تفتیش میرٹ پر ہو گی اور کسی کو بھی اس پر اثر انداز نہیں ہونے دینگے علاقہ میں خواہ کوئی کتنا بھی با اثر کیوں نہ ہو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بھمبر (جی پی آئی ) سٹی پوسٹ آفس میں ویسٹرن یونین کی سہولت مہیا کر دی ہے اندرون شہر رہنے والے شہریوں کو پیسوں کے لین دین میں در پیش مسئلہ اب حل ہو گیا آئندہ بہت جلد پنشن سمیت دیگر سہولیات بھی سٹی پوسٹ آفس میں مہیا کر دی جائیں گی ان خیالات کا اظہار سینئر پوسٹ ماسٹر راجہ محمد عارف اور انچارج سٹی پوسٹ آفس مرزا تصدق نے صحافیوں کے دورہ جی پی او کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جی پی او کی مرکزی برانچ کے ااندرون شہر سے باہر گجرات روڈ منتقل ہو جانے سے اندرون شہر کے رہائیشیوں کو بجلی و ٹیلی فون کے بل جمع کرانے کے مسائل در پیش تھے جس پر اندرون شہر سٹی پوسٹ آفس کی برانچ قائم کی گئی جو کہ کامیابی سے اپنے نظام کو چلا رہی ہے اب سٹی پوسٹ آفس میں شہریوں کی سہولت کیلئے ویسٹرن یونین کی بھی سہولت مہیا کر دی گئی ہے تا کہ شہری اپنے گھر وں کے قریب پیسوں کا لین دین بھی با آسانی کر سکیں انشاء اللہ بہت جلد سٹی پوسٹ آفس میں پنشن سمیت دیگر جدیدپوسٹل سہولیات بھی شہریوں کو فراہم کرینگے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بھمبر (جی پی آئی )میڈیا کی خبروں پر ڈپٹی کمشنر بھمبر کا ایکشن پرائس کنٹرول کمیٹیوں کومتحرک کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر ریٹ لسٹیں جاری کرنے کا فیصلہ شہریوں کو ہر ممکن ریلیف مہیا کرینگے ڈپٹی کمشنر کی صحافیوں سے گفتگو تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر بھمبر نے اخبارات میں بھمبر شہر اور گرد و نواح میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے غیر فعال ہونے اور دوکانداروں کی طرف سے من مانے ریٹس مقرر کرنے اور دن بدن بڑھتی ہوئی گراں فروشی کی خبریں چھپنے پر نوٹس لیتے ہوئے ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا کشمیر پریس کلب کے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بھمبر نے کہا کہ میں نے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے مجسٹریٹ صاحبان کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ مجسٹریٹ ہر ماہ دو بار بازاروں کی چیکنگ کیا کرینگے اور گوشت ، فروٹ ، سبزی، کریانہ اور گیس کی روزانہ کی بنیاد پر ریٹ لسٹیں مہیا کی جائیگی جن پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائیگا انہوں نے کہا کہ بازاروں کی چیکنگ کے ذمہ دارمجسٹریٹ ہر ماہ کے آخر میں اپنی اپنی پرائس کنٹرول کمیٹی کی ماہانہ رپورٹ دینے کے پابند ہونگے جس کی بنیاد پر بازاروں میں چیک اینڈ بیلنس کا نظام مضبوط بنایا جائیگا انہوں نے کہا کہ حالیہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کیلئے ٹرانسپورٹروں سے جلد مشاورت کی جائیگی اور کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا جائیگا جس پر عملدرآمد کروایا جائیگا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بھمبر (جی پی آئی ) پولیس نے سماہنی اور چوکی میں ہونیوالے تینوں واقعات کی ایف آئی آر درج کر لی 11 افراد نامزد جبکہ 72 نامعلوم افراد شامل تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز سماہنی میں وزیر مال چوہدری علی شان سونی کے بھائی اور بیٹے کی ایم ایس ایف کے نوجوان کے ساتھ تلخ کلامی پر جھگڑا ہوا گیا جس کے دوران فائرنگ سے ایم ایس ایف کا نوجوان صہیب حبیب پیٹ میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیاتھا جس کا مقدمہ تھانہ پولیس چوکی نے وزیر مال چوہدری علی شان سونی کے بھائی چوہدری مظہر اقبال اور بیٹے عدیل علی شان سمیت دو نامعلوم افراد کے خلاف زیر دفعہ 324/337F ، 34/APC کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ چوکی بازار میں واقعہ کے خلاف راجپوت برادری کے مشتعل نوجوانوں کی طرف سے دوکانوں اور دیگر املاک کی توڑ پھوڑ کرنے پر محبوب حسین ، خالد حسین ، راشد محمود ساکنان گائیاں محمد اسامہ خان عرف خانو ساکن سرسالہ اور دیگر 40 نامعلوم افراد کے خلاف زیر دفعہ 147/149 ، 448/427 اور 20/EHA کے تحت مقدمہ درج کر لیا جبکہ تیسرے ایک واقعہ میں پولیس پر حملہ آور اور پتھرائو کرنے والوں میں ابرار جمیل، مظہر اقبال، محمد لطیف، مدثر اقبال اور 30 نامعلوم افراد کے خلاف زیر دفعہ 197/149 ، 337/A کے تحت مقدمہ درج کر لیا پولیس نے تینوں واقعات کی ایف آئی آر درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں جبکہ مزید تفتیش بھی جاری ہے۔