کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئروبزرگ رہنما امیر سولنگی ‘ سردار اکرم سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی ‘ ایڈوکیٹ کرم اللہ سولنگی ‘ ایڈوکیٹ اقبال سولنگی نے یورپی یونین کی جانب سے کشمیر ایشو پر پاکستان اور بھارت کے مابین ثالثی کی پیشکش پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر کسی کی ثالثی کی کوئی ضرورت نہیں صرف اقوام متحدہ کی قرادادوں پر عملدرآمد کی ضرورت ہے جن کے مطابق کشمیر میں استصواب رائے ہونا چاہئے۔
اسلئے یورپی یونین اگر کشمیریوں کا درد رکھتی ہے تو اسے کشمیر ایشو پر پاک بھارت ثالثی کی بجائے بھارت کو کشمیر میں آزادانہ و منصفانہ اور شفاف استصواب رائے کیلئے بھارت کو رضامند کرنا چاہئے کیونکہ بھارت کی جانب سے دنیا بھر سے روایتی و غیر روایتی ہتھیاروں کی خریداری کا مقصد پاکستان کیخلاف زیادہ سے زیادہ قوت و طاقت کا حصول ہے جبکہ پاکستان و بھارت کے مابین نفرت کی وجہ مسئلہ کشمیر ہی ہے۔
اسلئے پاکستان اور بھارت کے مابین جاری کشیدگی، چپقلش اور دشمنی کا خاتمہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیںاور مسئلہ کشمیر کا صرف اور صرف ایک ہی حل ہے جو اقوام متحدہ نے عرصہ دراز پہلے تجویز کردیا تھا اور وہ ہے کشمیر میں استصواب رائے جس کیلئے یورپی یونین کا سنجیدہ و مخلصانہ اور ذمہ دارانہ کردار یقینا کشمیریوں کیلئے آزادی وخود ارادیت اور دنیا کے امن جبکہ پاکستان و بھارت کیلئے دوستی و یگانگت کا باعث بن سکتا ہے۔