کراچی (اسٹاف رپورٹر) کشمیر میں بھارتی جارحیت اور کشمیر یوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا ہے کہ بھارتی کردار بتارہا ہے کہ مسئلہ کشمیراپنے منطقی حل کے نزدیک پہنچ چکاہے اور بہت جلد بھارت کشمیر سے باہر نکلنا ہوگا
اسی لئے کشمیر میں اپنے اکھڑتے ہوئے قدم جمانے کیلئے بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے مگر وہ کشمیر پر اپنا جبری تسلط تادیر برقرار رکھنے میں ناکام رہے گا ۔ امیر پٹی نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستانی حکمرانوں کو کشمیریوں کی محبت کے زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھ کر بھارت سے دوستی و تجارت کو خواہش کو پس پشت ڈالتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر میں استصواب رائے کیلئے عالمی رائے عامہ ہموار کرکے بھارت پر اس کیلئے عالمی دباو ڈلوانے کی حکمت عملی اپنانی ہوگی۔
جبکہ سیاسی مفادات و تحفظات سے بالاتر ہوکرتمام قومی سیاسی قیادتوں و جماعتوں کو یکجا ہوکر کشمیر کے حوالے سے مشاورت و اتفاق سے کشمیر کے حوالے سے خارجہ پالیسی کی تشکیل بھی ضروری ہے اور وزیراعظم کو بھی مودی و بھارتی دوستی کا تاثر زائل کرنے کیلئے ذاتی طور پر بھارتی مظالم کیخلاف ہر سطح پر بھی احتجاج اور مودی سرکار کو سخت پیغام دینے کی ضرورت ہے۔