نیو یارک (جیوڈیسک) ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ کشمیر میں استصواب رائے نہ ہونا اقوام متحدہ کی مسلسل ناکامی ہے ، مقبوضہ جموں کشمیر بھارت کا حصہ کبھی نہیں رہا اور مقبوضہ جموں کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہو سکتا ہے۔
نیویارک میں نو آبادیاتی مسائل پر اقوام متحدہ کی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، یہاں کے عوام کے حق خود ارادیت کا وعدہ سلامتی کونسل نے کیا ۔ 21 ویں صدی میں رہتے ہوئے بیرونی قبضے بدقسمتی ہے ، کشمیریوں کی نسلوں نے صرف ٹوٹے ہوئے وعدے اور ظلم کو دیکھا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے کہا کہ ڈھائی ماہ کے دوران سو سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا گیا ، پیلٹ گن اور گولیوں کے استعمال سے سیکڑوں کشمیری بینائی سے محروم اور ہزاروں زخمی ہوئے۔ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر اقوام متحدہ کا نو آبادیاتی ایجنڈا نامکمل ہے۔