راولپنڈی (یاسر رفیق) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ اور بزرگ کشمیری راہنما امان اللہ خان شدید خرابی صحت کے باعث بدستور راولپنڈی کے ہارٹس انٹرنیشنل ہسپتال میں زیرِ علاج۔ لبریشن فرنٹ کے قائدین اور خان صاحب کے خاندان کی طرف سے پوری قوم سے دعائے صحت کی اپیل۔لبریشن فرنٹ کے کارکنان اور دیگرسیاسی و سماجی راہنمائوں کی عیادت جاری۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بزرگ کشمیری آزادی پسند راہنما، مقبول بٹ شہید کے قافلے کے سالارِ اعلیٰ اور لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان سینے کی تکلیف کے باعث گزشتہ کچھ دنوں سے راولپنڈی کے ہارٹس انٹرنیشنل ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
جہاں انکی حالت بدستور تشویشناک ہے تاہم ڈاکٹر اس امید کا اظہار کر رہے ہیں کہ امان اللہ خان کچھ دنوں میں بہتر ہو جائینگے۔لبریشن فرنٹ کی پریس ریلیز کے مطابق امان اللہ خان پر گلگت کے دورے سے واپسی پر نمونیہ کا شدید حملہ ہوا جسکے باعث وہ دس دن تک شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں زیرِ علاج رہے۔ امان اللہ خان کی صحت میں بہتری کے بعد انہیں ہسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا لیکن کچھ ہی دن بعد ایک بار پھر سینے کی شدید تکلیف کے باعث انہیں راولپنڈی میں ہارٹس انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس وقت اُنکی حالت پہلے سے کافی بہتر ہے تاہم ابھی بھی وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ہیں اور ڈاکٹر انکی صحت میں معمولی بہتری کو مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔
شدید تکلیف کے باوجود امان اللہ خان نہ صرف ہوش میں ہیں بلکہ عیادت کیلئے نے والے تمام مردو خواتین کو نہ صرف پہچانتے ہیں بلکہ سب سے مختصر بات بھی کر کے شکریہ ادا کرتے ہیں۔لبریشن فرنٹ کی پریس ریلیز میں تنظیم کی طرف سے اور امان اللہ خان کے خاندان کی طرف سے ریاست جموں کشمیر کے تمام عوام سے بزرگ راہنما کی صحت کی بہتری کیلئے دعا کی اپیل کی گئی ہے۔