کشمیری رہنماوں سے ملاقات ، پاکستان نے ہماری کوششوں کا تماشہ بنایا : مودی

Modi

Modi

ٹوکیو (جیوڈیسک) بھارت نے رواں ماہ 18 اگست کو دہلی میں کشمیری علیحدگی پسند رہنماوں سے پاکستانی ہائی کمشنر کی ملاقات کے بعد خارجہ سیکرٹری سطح کے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی نے پاکستان کے ساتھ خارجہ سیکریٹری کی بات چیت منسوخ ہونے کے بعد خاموشی توڑی ہے۔ انھوں نے کہا کہ خارجہ سیکریٹری کی میٹنگ سے پہلے جموں و کشمیر کے علیحدگی پسند رہنماوں سے بات چیت ٹھیک نہیں تھی۔

نریندر مودی نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ پر امن اور دوستانہ تعلق چاہتے ہیں۔ بھارت کو پاکستان کے ساتھ کسی بھی مسئلہ پر بات چیت کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے ، بشرطیکہ یہ شملہ معاہدے اور لاہور اعلان کے مطابق ہو۔

کہا کہ کسی بھی طرح کی بامعنی بات چیت کے لیے ضروری ہے کہ یہ بات چیت دہشت گردی اور تشدد سے آزاد ماحول میں ہو۔ یہ بھی کہا کہ بھارتی وزیرِ خارجہ سجاتا سنگھ نے بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو کھلے اور واضح الفاظ میں بتایا کہ پاکستان کی بھارت کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔