سری نگر (جیوڈیسک) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کشمیریوں سے عید الاضحی کی مقدس تقریب کو انتہائی سادگی منانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے مسلمانان کشمیر پر زور دیا کہ ہم جن حالات سے گزر رہے ہیں ان کا تقاضا ہے کہ عید قربان کے موقع پر فضول خرچیوں سے اجتناب کیا جائے اور حالیہ سیلاب سے متاثرہ لاکھوں لوگوں کی امداد کیلئے اپنی ملی ذمہ داریاں پوری کی جائیں۔
مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے قبل اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات ہمارے علم میں آئی ہے کہ کشمیر سے باہر کے ممالک میں رہائش پذیر کشمیریوں نے اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کو مدد فراہم کرنے کیلئے متعلقہ ممالک میں بھارت کے سفارت خانوں سے رابطہ قائم کیا تھا مگر بھارتی حکومت نے اس کی بھی اجازت نہیں دی جو افسوس ناک ہے۔
دریں اثناء بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی نے اپنے بیان میں کہا کہ لوگوں نے شکایت کی ہے کہ تاجر برادری کے کچھ لوگ اشیائے خورد و نوش مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں۔ انہوں نے تمام تاجروں اور دکانداروں پر زور دیا کہ وہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی سے دور رہیں۔ انہوں نے لوگوں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں ایک دوسرے کی دل کھول کر مدد کریں۔