مظفر آباد (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات، زراعت ولائیوسٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا پنجاب میں والہانہ استقبال اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب بھی دیگر صوبوں کی طرح بھٹو اور بینظیر شہید کے چاہنے والوں کا مرکزہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سید بازل علی نقوی نے کہا کہ ملک میں حقیقی انقلاب صرف اور صرف بلاول بھٹو کی قیادت میں آئے گا۔باقی سب جعلی بازی گر ہیں۔ پیپلز پارٹی سے زیادہ جمہوریت کے لیے کسی نے قربانیاں نہیں دی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اس ملک میں جمہوریت کی مضبوطی، آئین کی پاسداری اور قانون کی حکمرانی کے عزم پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت کئی مسائل سے دوچار ہے جس کا تقاضا ہے کہ ہم اتفاق اور اتحاد کے ذریعے ان مسائل پر قابو پائیں اور مل کر ملک دشمنوں کے عزائم ناکام بنا دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سکاٹ لینڈ کو ریفرنڈم کا حق مل سکتا ہے تو کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت کیوں نہیں دیا جا رہا ۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلایا جائے ۔