نہتے کشمیریوں کی شہادت کیخلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے

Protest

Protest

لاہور (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں 20 سے زائد نہتے کشمیریوں کو شہید کئے جانے کیخلاف چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کی طرح گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، کراچی، حیدر آباد، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، جہلم، وہاڑی اور دیگر شہروں میں ہونے والے مظاہروں اور ریلیوں میں طلبہ، وکلاء، تاجروں اور سول سوسائٹی سمیت دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

سب سے بڑا مظاہرہ لاہور میں پریس کلب کے باہر ہوا جس میں جموں کشمیر موومنٹ سمیت مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے ہاتھوں میں کتبے، بینرز اور پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے جن پر مظلوم کشمیریوں کے حق میں اور بھارت سرکار کیخلاف تحریریں درج تھیں۔ مظاہروں اور ریلیوں کے اختتام پر کشمیری شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔