مظفر آباد (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کہتے ہیں کہ کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے باوجود بھارت سے دوستی جمہوریت کی توہین ہے، کشمیر کی آزادی تک بھارت سے دوستی نہیں ہو سکتی۔
مظفر آباد کے قریب کوہالہ پل پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کی تقریب کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جو بھارت کے ہاتھ میں ہے۔
قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کے لیے لازم و ملزوم قرار دیا تھا، کشمیر پر بھارتی قبضہ پاکستان کی بقا وسالمیت کے خلاف ہے، کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے باوجود بھارت سے دوستی جمہوریت کی توہین ہے، کشمیر کی آزادی تک بھارت سے دوستی نہیں ہو سکتی، بھارت یہ جان لے کہ کشمیر کی آزادی تک جنگ جاری رہے گی۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ سوڈان، اسکاٹ لینڈ اور مشرقی تیمور کی طرح کشمیر کو بھیحق خود ارادیت ملنی چاہیے، امریکی صدر براک اوباما کا بھارت میں کشمیر کے معاملے پر خاموش رہنا بہت بڑی ناانصافی ہے، بھارت کو سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کشمیر کی آزادی سے مشروط ہونی چاہیے۔