تحریر: حبیب اللہ سلفی جموں کشمیر برصغیر کی اہم ترین ریاستوں میں سے ایک ہے جس طرح حیدر آباد، جونا گڑھ اور مناوا درجیسے مسلم اکثریتی علاقوں پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کیا اسی طرح قیام پاکستان کے اڑھائی ماہ بعد 29اکتوبر1947کو انڈیا نے کشمیر پر لشکر کشی کی اور ریاست ہائے جموں کشمیر پر بھی اپنا تسلط جما لیا۔ بانی پاکستان محمد علی جناح نے پاکستانی افواج کو بھارتی لشکر کشی کا جواب دینے کا حکم دیا تو پاکستانی فوج کے انگریز کمانڈر جنرل ڈگلس گریسی نے روایتی مسلم دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے اس حکم کو ماننے سے انکار کر دیا ۔بعد ازاں 1948ء میں پاکستانی افواج اور قبائلی مجاہدین سری نگر تک پہنچنے والے تھے کہ بھارت یکم جنوری 1948ء کو کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ میں لے گیاجس پر سلامتی کونسل نے 12اگست 1948ء اور 5مئی 1949ء کو دو قراردادیںپاس کیں کہ جنگ بند کرکے دونوں حکومتیں کشمیر سے اپنی فوجیں واپس بلائیں تاکہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں استصواب رائے کا انتظام کیا جائے۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر میں جنگ بندی ہوگئی۔ اس کے بعد پاکستان کی تمامتر کوششوں کے باوجود بھارت مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کو ٹالتا رہا اور اقوام متحدہ جیسا حقوق انسانی کا علمبردار ادارہ جو مشرقی تیمور کا مسئلہ ہو،
مسلمانوں کی رفاہی تنظیموں ، شخصیات واداروں پر پابندیوں کا مسئلہ ہو تو دنوں میں اپنی قراردادوں و فیصلوں پر عملدرآمد کروانے میں کامیاب ہو جاتا ہے مگر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اس نے کبھی بھارت پر اس طرح دبائو نہیں ڈالا جس طرح اسے ڈالنا چاہئے تھا ۔یہ نام نہاد عالمی طاقتوں اور اداروں کے بھارت کی طرف جھکائو کا نتیجہ تھا کہ انڈیانے ہمیشہ اس مسئلہ پر روایتی ٹال مٹول سے کام لیا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو ہمیشہ جوتے کی نوک پر رکھا’ یوں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں کے قتل عام کا سلسلہ بڑھتا چلا گیا، کشمیر میں استصواب رائے کے وعدہ سے انڈیا صاف طور پر مکر گیا اور کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دینا شروع کردیا۔اس وقت سے لیکر آج تک بھارت ہٹ دھرمی کا یہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہے اور مظلوم کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کیلئے تیا رنہیں ہے۔ اگرچہ یہ بات بھی اپنی جگہ درست ہے
نائن الیون کے بعد سابق حکمرانوں کی جانب سے بھارت و امریکہ کے دبائو پرکشمیری جہادی تنظیموں پر پابندیاں عائد کی گئیں اورایسے ایسے اقدامات کئے گئے کہ جن کا ماضی میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ کنٹرول لائن پریکطرفہ سیز فائر کردیا گیا، اعلان اسلام آباد پر دستخط کئے گئے اور بھارت سے یکطرفہ دوستی اور باہمی اعتماد سازی کے نام پر ملکی و قومی خود مختاری اور وقار کی دھجیاں اڑا دی گئیں مگر اس قدر بھارت نوازی کے باوجود کشمیری مسلمانوں کی اہل پاکستان سے محبت میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔ وہ اب بھی پاکستان کے ساتھ رہناچاہتے ہیں۔ وہ اپنی گھڑیاں پاکستانی وقت کے مطابق رکھنا پسند کرتے ہیں، عیدین کا مسئلہ ہو تو ان کی نگاہیں پاکستانی روئیت ہلال کمیٹی کے اعلان کی طرف ہوتی ہیں۔
Pakistan
یوم پاکستان پر کشمیر کی گلیوں میں پاکستانی پرچم لہرایا جاتا ہے اور پاک بھارت کرکٹ میچ ہو تو ان کی تمامتر محبت اور ہمدردیاں پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہوتی ہیں۔بھارت نے ستاسٹھ برسوں میں ہر ممکن طریقہ سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد کرنے اور کچلنے کی کوشش کی ہے مگر اس میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ بھارتی فوج نے ڈیڑھ لاکھ سے زائد مسلمانوں کو شہید کیا ،ہزاروں کشمیری مائوں بہنوںاور بیٹیوں کی عصمت دری کی گئی،بچوں و بوڑھوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ہزاروں کشمیری نوجوان ابھی تک بھارتی جیلوں میں پڑ ے ہیں۔جگہ جگہ سے اجتماعی قبریں برآمد ہو رہی ہیں۔کشمیر کا کوئی ایسا گھر نہیں جس کا کوئی فرد شہید نہ ہوا ہو یا وہ کسی اور انداز میں بھارتی فوج کے ظلم و بربریت کا نشانہ نہ بنا ہو لیکن اس کے باوجود کشمیری مسلمانوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ کشمیری قوم67 برس سے عزم و استقلال کا پہاڑ بن کر بھارت کے ظلم و تشدد کو برداشت کر رہی ہے مگر ان کی بھارت سے نفرت کی شدت میں اضافہ ہی ہوا ہے کوئی کمی نہیں آئی۔ ہم ہر سال5 فروری کو کشمیری مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں
ملک بھر میں جہاں جماعةالدعوة، جماعت اسلامی، آل پارٹیز حریت کانفرنس اور دیگر دینی، سیاسی و سماجی تنظیمیں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جلسوں، ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کرتی ہیں اور کشمیریوں کو یہ پیغام دیتی ہیں کہ کشمیری اکیلے نہیں ہیں پوری پاکستانی قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے وہاں پورے ملک میں عام تعطیل اور سرکاری سطح پر بھی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ صدر، وزیر اعظم سمیت سبھی حکومتی ذمہ داران کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور ان کی اخلاقی مدد جاری رکھنے کے بیانات داغے جاتے ہیںلیکن یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہئے کہ اگر آپ ان کشمیریوں کی اخلاقی مدد کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں توپھر یہ کوئی اخلاق نہیں ہے کہ آپ کشمیری مسلمانوں کے حق میں دو چار بیانات دے کر خاموش ہو جائیں اور انہیں بھارت کے چنگل میں پھنسا ہوا چھوڑ دیں۔ آج ہم یوم یکجہتی کشمیر ان حالات میں منا رہے ہیں کہ بھارت میں ہندو انتہا پسند تنظیم بی جے پی کے برسراقتدار آنے کے بعدمقبوضہ کشمیر میں ظلم و تشدد اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نقصانات سے دوچار کرنے کی سازشوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ بھارت سرکار کشمیرجنت نظیر میں نام نہاد الیکشن ڈرامہ کے ذریعہ وہ مطلوبہ اکثریت تو حاصل نہیں کر سکی جس کے ذریعہ وہ متنازعہ ریاست کی خصوصی حیثیت والی دفعہ 370ختم کر سکتی البتہ اس وقت بی جے پی اپنا سارا زور وہاں مسلم آبادی کا تناسب کم کرنے کی کوششوں پرلگا رہی ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں غیر کشمیریوں کو جموں میں لاکر بسایا جارہا ہے اوران کے ووٹ بنانے سمیت وہ تمام سہولیات انہیں دی جارہی ہیں جو مقامی کشمیریوں کو حاصل ہیں۔اس صورتحال پر پورے کشمیر کے عوام میں سخت غم و غصہ اوراشتعال پایا جاتا ہے۔ حریت کانفرنس (گ)، حریت کانفرنس(ع)، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ، فریڈم پارٹی جموں کشمیر،دختران ملت اور دیگر کشمیری بھرپور اندا ز میں ان سازشوں کے خلاف تحریک جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم بھارت سرکار کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔
United States Senate
کشمیری قیادت کی اپیل کے باوجود اقوام متحدہ جیسے اداروں نے اس انتہائی اہم مسئلہ پر مجرمانہ خاموشی اختیار کرکھی ہے۔ادھر امریکی صدر اوبامہ کے دورہ بھارت کے دوران ایٹمی تعاون کے معاہدوں اور سلامتی کونسل میں بھارت کیلئے مستقل نشست کی حمایت کے بعد ہزاروں مسلمانوں کے قاتل نریندر مودی کی باچھیں کھلی ہوئی ہیںاور واضح طور پر یہ خطرات موجود ہیں کہ آنے والے دنوںمیں بھارت سرکار مظلوم کشمیریوں کے خلاف مزید اقدامات اٹھانے سے باز نہیں رہے گی تاہم دوسری جانب یہ بات بھی طے ہے کہ جوں جوں امریکہ اور اس کے اتحادی خطہ سے نکل رہے ہیں تحریک آزادی کشمیر مزید قوت پکڑ رہی ہے۔یہ اسی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے کہ بھارتی فورسز آئے دن کشمیری مجاہدین کی مبینہ دراندازی کے الزامات عائد کر کے سرحدوں پر فائرنگ کر رہی ہیں۔انڈیا کو اندر سے یہ خو ف کھائے جارہا ہے کہ اتحادیوں کے جانے کے بعد اس کا کیا بنے گا؟اور یہ کہ اسے پاکستان میں کی جانے والی تخریب کاریوں اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا کہیں حساب نہ چکانا پڑے’ بہرحال جس بات کا غاصب بھارت کو خوف ہے وہ سب کچھ ہو کر رہے گا۔کشمیری قوم کے حوصلے اس وقت بہت بلند ہیں۔انکی جدوجہد آزادی جاری ہے اور ان شاء اللہ جاری رہے گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی حکمران کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کشمیریوں کی محرومیوں کا ازالہ کریں اور مضبوط و مستحکم کشمیر پالیسی ترتیب دیں تاکہ مظلوم کشمیریوں کو آٹھ لاکھ بھارتی فوج کے ظلم و تشدد سے نجات دلائی جاسکے۔