کشمیریوں کی آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد سے تاریخی اور پرجوش اظہار یکجہتی
Posted on February 5, 2014 By Majid Khan لاہور
لاہور : سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہ اہے کہ 5 فروری کو پورے ملک میں مظلوم اور بہادر کشمیریوں کی آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد سے تاریخی اور پرجوش اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ کشمیر پر بھارت کا ناجائز اور غاصبانہ قبضہ ہے۔
کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور رگ جاں ہے۔ امریکہ افغانستان میں شکست کھا رہا ہے۔ بھارت کی کشمیر میں شکست نوشتہ دیوار ہے۔ پاکستان بنگلہ دیش اور کشمیر میں بھارت کی ناجائز مداخلت بھارت کو ہی مہنگی پڑے گی۔
بھارت میں پلنے والے دہشتگرد گروہ خود بھارت کو ٹکڑے ٹکڑے کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے، خطہ میں عالمی استعماری مداخلت روکنے کے لیے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کے لیے اقوا م متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کرے۔ عالمی برادری تعصب ، جانبداری اور دوہرے معیارات چھوڑکر کشمیر کے ایک کروڑ 60 لاکھ انسانوں کا مسئلہ حل کرائے وگرنہ فلسطین اور کشمیر کے حل طلب مسائل پوری دنیا میں بدامنی اور عدم استحکام کا ذریعہ بنے رہیں گے۔
لیاقت بلوچ نے کہاکہ ٥ فروری کوسیدمنورحسن اسلام آباد ، لیاقت بلوچ کراچی ، سراج الحق پشاور ، ڈاکٹر سید وسیم اختر ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ لاہور ، عبدالمتین اخونزادہ کوئٹہ ، ڈاکٹر معراج الہدٰی صدیقی حیدرآباد ، عبدالرشید ترابی مظفر آباد میں یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت اور خطاب کریں گے۔
ملک بھر کے تمام ضلعی مقامات پر یکجہتی کشمیر ریلیاں ،سیمینارز اور مظاہرے ہوں گے۔ پوری قوم عالمی اداروں اور عالمی قوتوں کی بے حسی اور جانبداری کے خلاف زبردست احتجاج کرے گی اور کشمیریوں کی تاریخی اور لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ ریلیوں میں مردو خواتین، نوجوان، بچے، طلبہ، مزدور بھی کشمیری مائوں بہنوں، بیٹے بیٹیوں، طلبہ ونوجوانوں اور قیادت سے اظہار یکجہتی کریں گے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com