مظفر آباد (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر کو حق خودارادیت دینے کی اقوام متحدہ کی قرارداد کو چونسٹھ سال گزر گئے، لیکن انھیں آج تک یہ حق نہیں ملا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یک جہتی کے لیے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں ریلی نکالی گئی۔ 5 جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ نے ایک قرارداد کے ذریعے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیا تھا۔
اس دن دونوں جانب کے کشمیری عوام یوم حق ارادیت کے طورپر مناتے ہیں۔ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں نیلم پل سے ریلی نکالی گئی جو پریس کلب پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی، ریلی سے متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قیادت پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ آلو پیاز کی تجارت نہ تو مسئلہ کشمیر کا حل ہے اور نہ کشمیریوں کی قربانیوں کا پھل۔
بھارت انتخابات کا ڈھونگ رچا کر دنیا کو گمراہ کرتا ہے کہ کشمیریوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ کر دیا ہے، کوئی بھی انتخاب استصواب رائے کا نعم البدل نہیں ہے۔