کشمور (جیوڈیسک) دریائے چناب کا سیلابی ریلا دریائے سندھ میں داخل ہونے کے بعد گڈو بیراج پر پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ سیلابی سے پانی کشمور میں کچے کے علاقوں زیر آب آگئے ہیں۔
دریائے چناب کا سیلابی ریلا دریائے سندھ میں داخل ہونے کے بعد خیر پور میں کچے کے علاقوں دیہہ موہل، بھنبھور خورم، جھیل دریا خان ، صادق کلہوڑو اور دیگر مقامات پر پانی کا کٹاؤ تیز ہو گیا ہے۔
قادرپورلوپ بند سے ملحقہ ایک درجن سے زیادہ دیہات زیرآب آگئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق 30 سے زائد کشتیوں کے ذریعے کچے کے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔ جیکب آباد میں توڑی بند اور نواب شاہ میں طوطی زرداری گاؤں کے مقام پر متاثرین کے لیے ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں۔
ادھر پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ تو کم ہو گیا، لیکن نقصانات اب بھی ہورہے ہیں۔ رحیم یار خان میں نوروالا کے مقام پر زمیندارا بندٹوٹنے سے بستی ابراہیم کے درجنوں دیہات پانی میں گھر گئے۔ جبکہ ٹبی جھلن میں سیلابی ریلا 3 بہنوں کو بہا لے گیا۔
ان میں سے ایک کو بچالیا گیا جبکہ 2 بہنوں کی لاشیں ہی مل سکیں۔ ہیڈ پنجند پر پانی کا بہاؤکم ہوکر 3 لاکھ کیوسک رہ گیا ہے۔ سیلابی پانی نے اوچ شریف کی 20 چھوٹی بستیاں اور 70 دیہات میں بڑی تباہی مچائی۔ مظفر گڑھ کے علاقوں دوآبہ، تلیری سمیت علی پور کے علاقے سیت پور میں پانی کی سطح کم ہو رہی ہے۔