کشمور (جیوڈیسک) دریائےسندھ کے کشمور میں قائم تین بچاؤ بند کے 9 مقامات کو حساس قرار دے دیا گیا ہے۔ محکمہ آبپاشی کی جانب سے مرمت کا کام بھی جاری ہے۔ سندھ کا ضلع کشمور پنجاب اور بلوچستان کے سنگم پر واقع ہے۔ گڈو بیراج بھی اسی ضلع میں ہے۔
دریائے سندھ کشمور میں تین بڑےحفاظتی بند توڑی بند، کے کے لنک بند اور گھوڑا گھاٹ حفاظتی بند شامل ہیں۔ 2010ء میں توڑی بند ٹوٹنے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی۔ محکمہ آبپاشی نے تینوں بندوں کے 9 مقامات کو حساس قرار دے کر بند کی مضبوطی کا کام شروع کر دیا ہے۔
کشمور کے کچے کے علاقوں میں رہنے والوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ مگر لوگوں نے انتظامیہ کی جانب سے سہولتیں فراہم نہ کرنے پر اپنا گھر بار چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے۔ گڈو بیراج کے چیف انجینئر دھنو مل کا کہنا ہے۔
کہ پنجاب سے آنے والے سیلابی پانی سے گڈو بیراج کو کوئی خطرہ نہیں ہے گڈو بیراج سے 12 لاکھ کیوسک تک پانی گزرنے کی گنجائش ہے۔ پنجاب میں خوفناک تباہی مچاکر سندھ میں داخل ہونے والے سیلابی پانی سے نا صرف کچے میں رہنے والی آباد بلکہ شہری علاقوں کی آباد ی بھی خوف میں مبتلا ہے۔