لاہور (جیوڈیسک) زینب قتل کیس میں اہم پیش رفت، مرکزی ملزم عمران کو مزہد 7 بچیوں سے زیادتی اور قتل کیسز میں نامزد کر دیا گیا۔ پولیس نے ملزم عمران کا انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت سے 3 روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا۔
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے ایڈمن جج سجاد احمد نے ملزم عمران کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا ڈی این اے 7 دوسرے کیسز سے بھی میچ ہو گیا ہے، ملزم عمران نے زینب سمیت 8 بچیوں کو اغوا کر کے قتل کیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم عمران بچیوں کو چیز دینے کے بہانے اغوا کرتا تھا، ملزم سے مزید تفتیش کرنا چاہتے ہیں لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کو 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے۔
عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد آٹھ بچیوں کے قتل میں ملوث ملزم کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔