قصور کی خبریں 25/01/2016

Kasur News

Kasur News

Kasur News

Kasur News

قصور (محمد عمران سلفی سے) ڈی پی او قصور سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ضلع بھر میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے انتظامات پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا اوراگر کسی سکول کے ہیڈ ماسٹر یا کالج کے پرنسپل نے سکیورٹی فول پروف بنانے میں اپنا کردار ادا نہ کیا اس کے خلاف قانون و ضابطہ کے تحت قانونی کاروائی کی جائے گی ۔ضلع بھر میں پولیس ،ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم پر مشتمل مانیٹرنگ ٹیمیں بنا دی گئیں ہیں جو اس چیز کو یقینی بنائیں گی کہ ضلع بھر کے تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان گورنمنٹ کی جانب سے جاری کردہ اقدامات پر عمل کررہی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف سکول و کالجز کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران پرنسپلز اور اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بیرونی دیواریں 8 فٹ اونچی ،خار دار تاریں لگانے ،سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی ،سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور میٹل ڈیٹکٹرسے چیکنگ کو یقینی بنانے اور مورچے بنانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ ان پھول جیسے معصوم بچوں کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے اور انشاء اللہ قصور پولیس اپنے خون کے آخری قطرہ تک اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے حفاظت کرے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

قصور (محمد عمران سلفی سے) حکومت جن کاشتکاروں کے جذبات سے کھلواڑکر رہی ہے یہی کسانوں کی تحریک آئندہ الیکشن میں حکمران جماعت کی ناکامی کا سبب بنے گی ،موجودہ حکومت نے محض اپنے مفاد کی خاطرپاکستان کے کسانوںکو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے جو ریڑھی کی ہڈی پر تیز دھار آلے سے ضرب لگانے کے مترادف ہے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان کسان اتحاد موومنٹ کے پریس سیکرٹری اور انجمن کاشتکاراں ضلع قصور کے سینئر ممبر منظور شاہ بودلہ نے مقامی صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے کہا کہ جس طریقہ کار سے موجودہ حکومت نے ریونیو دینے والے ملک کے زراعت سمیت مختلف شعبہ جات کو بھاری ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبا کر نا اہل اور بسیار خور وزیر خزانہ کی معاونت کے ذریعے ایک طرف آلو اور مونجی کی قیمتیں گرا کر دوسری طرف کسان پیکج کی جھوٹی اور نمائشی طفل تسلیوںکا ڈرامہ رچا کر ملک کے لاکھوں کسانوں کو بینکوں کا مقروض کر دیا ہے ۔اور حالیہ دور میںجس حد تک کاشتکار پریشان حال دکھائی دیتا ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔انھوں نے یہ بھی کہا اگر اسی طرح حکمرانوں نے کسانوں کی امیدوں کا قتل عام جاری رکھا تو وہ دن دور نہیں کہ کسان خودکشیوں پر مجبور ہو جائیں گے اور نتیجے میں ریڑھ کی ہڈی گردانی جانے والی زراعت ریزہ ریزہ ہو کر بکھر جائے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

قصور (محمد عمران سلفی سے) ڈی جی ایکسائز کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈی او ایکسائز ملک محمد اسلم کی زیرنگرانی نادہندگان ٹوکن ٹیکس’بغیر رجسٹریشن اور ڈیفالٹر گاڑیوں کیخلاف کریک ڈائون ، 65 گاڑیاں تھانہ میں بند جبکہ 82 گاڑیوں کے کاغذات ضبط کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ آفیسر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملک محمد اسلم کی زیر نگرانی گزشتہ روز موٹر وہیکل برانچ کے انسپکٹران اکبر صدیقی ، چوہدری شوکت علی ، شیخ منیر ، وسیم احمد ، کانسٹیبلران زاہد علی ، محمد سعید ، محمد سرور اور دیگر نے نادہندگان ٹوکن ٹیکس ‘بغیر رجسٹریشن اور جعلی نمبر وں والی گاڑیوں کیخلاف مختلف مقامات پر ناکے لگا کر جنرل ہولوڈ اپ کیا اور 320 گاڑیوں کی چیکنگ کی جن میں 65 بغیر ٹوکن ٹیکس اور ڈیفالٹر گاڑیوں کو مختلف تھانہ جات میں بند کیا جبکہ 82 گاڑیوں کے کاغذات ضبط کر لئے ۔ ڈی او ایکسائز ملک محمد اسلم نے مختلف ناکوں کا دورہ کیا اور متعلقہ انسپکٹران کو حکم دیا کہ نادہندگان ٹوکن ٹیکس ، بغیر رجسٹریشن اور ڈیفالٹر گاڑیوں کیخلاف بلا خوف خطر کاروائی عمل میں لائی جائے اور اس عمل میں کسی قسم کی سستی اور کوتاہی نہ برتی جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ روڈ چیکنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں جو روزانہ کی بنیادوں پر ڈیفالٹر گاڑیوں کیخلاف کریک ڈائون کرینگی ۔انہوں نے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ گاڑیوں کے کاغذات کی ٹرانسفر مکمل جانچ پڑتال کے بعد کی جائے اور اس عمل میں اگر کہیں بدعنوانی یا غفلت برتی گئی تو ذمہ دار کیخلاف سخت کاروائی ہو گی۔