قصور: چوری ڈکیتی کی وارداتیں، شہری مال و زر سے محروم

Kasur

Kasur

قصور (جیوڈیسک) قصور اور اس کے نواح میں ڈکیتی چوری کی وارداتوں میں ڈاکو 65 لاکھ سے زائد مالیت کے ٹریکٹرز، طلائی زیورات، نقدی، موبائل فون، اور موٹر سائیکل چھین کر لے گئے جبکہ ایک واردات میں ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر موٹر سائیکل سوار کو گولیاں مار کر زخمی کردیا جسے شدید حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل سوار محمد سلطان اپنے گاؤں جا رہا تھا جب وہ بلانوالہ کے قریب پہنچا تو ڈاکوؤں نے اسے روک کرموٹر سائیکل ،نقدی اور موبائل فون چھین لئے۔

شادمان کالونی پتو کی میں ڈاکوؤں نے ایک نجی موبائل کمپنی کے ٹاور میں داخل ہو کر سکیورٹی گارڈ محمد سرور کو یرغمال بنا کر 4لاکھ سے زائد مالیت کی10 بیٹریاں لیکر فرار ہو گئے ۔انور ٹاؤن سٹی پھولنگر میں رانا سہیل احمد کی حویلی میں داخل ہونیوالے نا معلوم چور 50 لاکھ سے زائد مالیت کے 5 ٹریکٹر اور تین آئل ڈرم لیکر فرار ہو گئے

جمال ٹاؤن چونیاں میں عبدالرزاق کے گھر داخل ہونیوالے ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر تین تولے طلائی زیورات، نقدی اور موبائل فون و دیگر گھریلو سامان لیکر فرار ہو گئے، جبکہ الہٰ آباد روڈ پر بنک سے رقم نکلوا کر گھر جانے والے موٹر سائیکل سوار تاج دین کو ڈاکوؤں نے روک کر 4 لاکھ روپے اور موبائل فون سے محروم کر دیا اور مزاحمت کرنے پرڈاکوؤں نے اسے گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔