بالی وڈ (جیوڈیسک) فلموں کے معاوضوں میں مردوں کی نسبت عورتوں کے کم معاوضے پر آوازاٹھانے والوں میں کترینہ کیف، ودیابالن اور پریانکا چوپڑہ پیش پیش رہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اداکارہ دیپکا پاڈوکون اورکترینہ کیف نے اپنی فیس میں اضافہ کر دیا ہے اور بہت سے فلم سازوں کا خیال ہے کہ وہ عام فلم سازوں کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔
یہ دونوں اے کیٹگری میں شامل ہیں جب کہ اسی درجے کی دوسری اداکاراوں کی فیس دس کروڑ سے کم ہے۔ ان حالات میں فلم ساز عالیہ بھٹ اور شردھا کپور جیسی نئی اداکاراوں کو اپنی فلم میں سائن کرنے کے لیے مجبور ہیں۔
فلم سازوں کا کہنا ہے کہ کون نہیں چاہتا کہ ان کی فلم میں دیپکا پاڈوکون یا قطرینہ کیف جیسی اداکارائیں کام کریں لیکن ان کی فیس فلم سازوں کے پسینے نکال دیے ہیں۔ اس سے قبل فلم کوئین کی زبردست کامیابی کے بعد بالی وڈ کی اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنی فیس میں 50 فیصد تک کے اضافے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ حال میں یہ خبر آئی تھی کہ رتیک روشن کو ایک فلم کے لیے 50 کروڑ کی پیش کش ہوئی ہے جبکہ عامر خان، سلمان خان، یا پھر شاہ رخ خان کی فیس واضح نہیں ہے کیونکہ وہ فلم کے منافعے میں شراکت دار ہوتے ہیں۔