ممبئی (جیوڈیسک) این جی ٹی بالی ووڈ کی پرکشش ترین اداکارہ اور باربی ڈول کترینہ کیف آج 29 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ 16 جولائی1984 کو ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والی کترینہ کیف کے والدین برطانوی شہریت کے حامل ہیں تاہم انہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ چین، جاپان، فرانس، سوئزر لینڈ، برلن، بیلجئیم اور امریکی ریاست ہوائی میں گزارا جسکے بعد وہ مستقل طور پر بھارتی شہر ممبئی منتقل ہوگئیں۔
14 سال کی عمرمیں بطور ماڈل اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی کترینہ کیف نے بالی ووڈ میں قدم 2003 میں فلم بوم کے ذریعے رکھا جو باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی۔ تاہم قسمت کی دیوی 2007 میں ان پر مہربان ہونا شروع ہوئی جب انکی فلموں نمستے لندن، اپنے، پارٹنر، ویلکم، ریس، سنگھ از کنگ، نیویارک، عجب پریم کی گجب کہانی، راج نیتی، زندگی نہ ملیگی دوبارہ اور میرے برادر کی دلہن کو باکس آفس پربیحد کامیابی حاصل ہوئی جس پرانہیں کئی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔
آئٹم نمبر زشیلا کی جوانی اور چکنی چمیلی سے بالی ووڈ باکس آفس پر تہلکہ مچانے والی باربی ڈول گذشتہ برس بھی کامیابی سے ہمکنار ہوئیں جب انکی سلمان خان کیساتھ فلم ایک تھا ٹائیگر اور شاہ رخ خان کیساتھ یش راج بینر کی فلم جب تک ہے جان 100 کروڑ سے زائد کابزنس کرنے میں کامیاب رہیں۔
اپنی من موہنی صورت سے دل موہ لینے والی کترینہ کو اب تک چار بار FHM میگرین کی جانب سے دنیا کی پرکشش ترین خاتون قرار دیا جا چکا ہے۔ کترینہ کی آنے والی فلموں میں مسٹر پرفیکٹ عامر خان کیساتھ دھوم تھری اور ہریتک روشن کیساتھ بینگ بینگ شامل ہیں جو بالترتیب رواں برس کرسمس اور اگلے سال مئی میں ریلیز ہونگی۔