کترینہ نے سلمان خان کے ساتھ خفیہ ملاقات کی خبروں پر زبان کھول ہی دی

Katrina

Katrina

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف جو آج کل رنبیر کپور سے علیحدگی اور اپنے سابق دوست دبنگ خان سے ملاقات کے حوالے بھی خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں لیکن اب انہوں نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے سلو میاں سے کسی بھی ملاقات کی تردید کردی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کترینہ کیف کے ترجمان کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ علی عباس اورکترینہ بہت اچھے اور پرانے دوست ہیں، کترینہ ہر سال ان کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کرتی ہیں۔ جب کہ ان کی فلم “سلطان” میں دبنگ خان مرکزی کردارادا کررہے ہیں جس کی وجہ سے گزشتہ دنوں علی عباس ظفر نے اپنی سالگرہ کی تقریب میں سلمان خان کو بھی مدعو کیا تھا۔ اس کے علاوہ اداکارہ اورسلمان خان کے درمیان کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ اس طرح کی من گھڑت باتوں کو بڑھا چڑھا کرنہیں پیش کیا جائے۔

اب کترینہ کو کون بتائے کہ جس طرح ریاضی میں دو منفی مل کر مثبت ہوجاتے ہیں اسی طرح بالی ووڈ میں تردید کا مطلب ہی تصدیق ہوتا ہے، اب وہ سلمان سے دوستی اور پھر اس دوستی کے خاتمے اور اس کے بعد رنبیر سے قربت اور دوریوں کو ہی دیکھ لیں کیونکہ انہوں نے ہمشہ ہی ان باتوں کی تردید کی لیکن حقیقت تو کچھ اور ہی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے ذریعے ہی یہ خبریں میڈیا میں آئی تھیں کہ گزشتہ ہفتے علی عباس ظفر نے ممبئی کے ایک کلب میں کترینہ کیف اور سلمان خان کو مدعو کر رکھا تھا، میزبان تو کچھ ہی دیر بعد وہاں سے اٹھ گئے لیکن سابق پریمی جوڑے نے کافی دیر وہاں بیٹھ کر راز و نیاز کی باتیں کی تھیں۔