کینیا کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات مکمل

Kenyan Cricket Team

Kenyan Cricket Team

لاہور (جیوڈیسک) پی سی بی اور انتظامیہ نے کینین کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کے دوران فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

کینین کرکٹ ٹیم پاکستان اے کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے کے لئے بدھ کو لاہور پہنچے گی، جہاں پہلا مقابلہ 13 دسمبر اور دوسرا میچ 15 دسمبر کو کھیلا جائے گا، سیریز کا تیسرا، چوتھا اور پانچواں مقابلہ بالترتیب 16 ، 18 اور 20 دسمبر کو شیڈول ہے۔

اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے مہمان اسکواڈ کو فائیو اسٹار ہوٹل کے بجائے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹھہرایا جائے گا۔

لاہور آمد کے موقع پر قذافی اسٹیڈیم کی جانب آنے والے تمام راستوں کو عام شہریوں کے لئے بند کر دیا جائے گا، میچز کے دنوں میں شہری مخصوص مقامات پر ہی اپنی گاڑیاں پارک کرتے ہوئے پیدل اسٹیڈیم پہنچیں گے اس کے علاوہ پولیس اور دیگر سیکیورٹی پر معمور دیگر اہلکاروں کو مشکوک افراد کو دیکھتے ہی موقع پر گولی مارنے کا بھی اختیار ہوگا۔

یاد رہے کہ 3 مارچ 2009 کو شدت پسندوں کی طرف سے سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد کسی بھی غیر ایشیائی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا، یہ پہلا موقع ہے کہ کینین سائیڈ یہاں کھیلنے پر راضی ہوئی۔