نیروبی (جیوڈیسک) کینیا نے دعوی کیا ہے کہ ایک مسافر بس پر حملہ کرنے والوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ کینیا کے نائب صدر ویلیم روٹو نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے صومالیہ میں دہشت گرد تنظیم الشباب کے ایک کیمپ پر حملہ کر کے وہاں موجود ایک سو عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
ان کا دعوی ہے کہ اسی کیمپ سے عسکریت پسندوں نے کینیا میں ایک بس کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا تھا۔ واضح رہے کہ ہفتے کے روز عسکریت پسند نیروبی کے لیے رواں دواں ایک بس میں سوار 28 افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد مسلح افرادفرار ہو گئے تھے۔
اس حملے کی ذمہ داری صومالی شدت پسند تنظیم الشباب نے قبول کی تھی۔ بتایا گیا تھا کہ عسکریت پسندوں نے اس بس میں سوار 60 میں سے 28 غیرمسلموں کو الگ کر کے انہیں قتل کیا۔