نیروبی (جیوڈیسک) کینیا میں صومالیہ کی شدت پسند تنظیم کے حملے میں 48 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ حملے میں کئی املاک کو بھی آگ لگادی گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شدت پسندوں نے کینیا کے ساحلے قصبے پیکے ٹونی میں اس وقت دھاوا بولا جب مقامی افراد ہوٹل کی بڑی اسکرین پر فٹبال میچ دیکھ رہے تھے۔
کہ اسی دوران شدت پسند تنظیم کے کارندوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 48 افراد ہلاک ہوگئے، شدت پسندوں نے حملے میں مقامی پولیس اسٹیشن کو بھی نقصان پہنچایا اور 2 ہوٹلوں کو بھی آگ لگادی جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
دوسری جانب حکام نے حملے کا ذمہ دار صومالیہ کی شدت پسند تنظیم الشباب کو قرار دیتے ہوئے بتایا کہ حملہ آوروں نے ہوٹل میں فٹبال میچ دیکھنے والے مردوں کو باہر نکالا اور خواتین کو حکم دیا کہ وہ انہیں گولیوں کا نشانہ بنتے ہوئے دیکھیں کیونکہ کینیا کے فوجی یہی سلوک صومالیہ کے مردوں کے ساتھ کرتے ہیں اس لئے وہ انہی کی طرح ان افراد کو مارکر انہیں سبق سکھانا چاہتے ہیں۔