1977 ء سے 1979ء تک کیری پیکر سے 75 ہزار پاؤنڈز کمائے: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) منی ٹریل کے معاملے نے نواز شریف کے بعد عمران خان کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ پی ٹی آئی اور نون لیگ کی جانب سے عدالتوں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی خوب جنگ لڑی جا رہی ہے۔

اسی سلسلے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے ایک اور ٹویٹر پیغام سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ 1971ء سے 88ء تک کاؤنٹی کرکٹ کھیلی اور آسٹریلیا میں کیری پیکر سیریز بھی کھیلی۔ عمران خان نے یہ بھی بتایا کہ آصف اقبال، میانداد، ماجد خان اور ظہیر عباس بھی کیری پیکر میں ان کے ساتھ کھیلتے رہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 1977ء سے 1979ء تک کیری پیکر سے 75 ہزار پاؤنڈز کمائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرا اور نواز شریف کا تقابل کرنا شرمناک بات ہے، نواز شریف نے منی لانڈرنگ کی اور ٹیکسز چوری کئے، میں نے بیرون ملک کرکٹ کھیل کر جائز رقم کمائی، میں نے لندن میں فلیٹ کی کریداری سے متعلق تمام کاغذات سپریم کورٹ میں جمع کروا دیئے ہیں۔

جمائما نے بھی بنی گالہ سے متعلق عشروں پرانا بینکنگ ریکارڈ فراہم کر دیا ہے، درحقیقت میں نے سپریم کورٹ میں نون لیگ کی دائرکردہ درخواست میں مانگی گئی تفصیلات سے کہیں زیادہ تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کروا دی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے برعکس میں اپنا سارا پیسہ ملک میں لایا اور وہ بھی اپنے نام سے لایا، انہوں نے ایک اخبار کے مالک پر کیری پیکر سیریز اور قطری خط کا موازنہ کرنے پر کڑی تنقید بھی کی اور الزام عائد کیا کہ اخبار کا مالک ایسا صرف اپنے کاروباری مفادات کی خاطر کر رہا ہے۔