اسلام آباد (جیودیسک) سینیٹ کی ذیلی کمیٹی نے وزارت پانی وبجلی کو کے ای ایس سی کی نجکاری کے ترمیمی معاہدے کی تفصیلات 3 روز میں وزارت قانون کو جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے پانی و بجلی کا اجلاس سینیٹر شاہی سید کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔
جس میں کے ایس سی کی 2005 میں نجکاری کے معاہدے سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ کمیٹی کے استفسار پر وزارت پانی وبجلی کے حکام نے بتایا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری سے کے ای ایس سی کی نجکاری کے معاہدے میں 2009 میں ترامیم ہوئیں۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے مکمل ریکارڈ وزارت قانون کو تین روز میں جمع کرایا جائے۔
اجلاس میں شریک کے ای ایس سی ملازمین کے نمائندوں نے بتایا 2009 میں وفاقی حکومت نے کے ای ایس سی کو بجلی کے نرخ 15 پیسے اس بنیاد پر بڑھانے دیئے کہ 4 ہزار ملازمین کو فارغ نہیں کیا جائے گا، کے ای ایس سی نرخ بڑھا کر اب تک تقریبا 7 ارب روپے کما چکی لیکن ملازمین کو فارغ بھی کیے جا رہی ہے۔ کمیٹی نے وزارت پانی وبجلی سے اس بارے میں تفصیلات آئندہ اجلاس میں طلب کر لی ہیں۔